بازار جانے والی سات سالہ بچی لاپتا

اغوا کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود پولیس مغویہ بچی تلاش نہ کرسکی


Staff Reporter April 12, 2022
(فوٹو : فائل)

سائٹ سپرہائی وے خادم سولنگی گوٹھ سے 7 سالہ بچی مبینہ طور پر اغوا ہوگئی، بچی کے اغوا کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود پولیس مغویہ بچی تلاش نہ کرسکی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے خادم سولنگی گوٹھ سیکٹر 5 میں واقع مکان نمبر 104 میں رہائش پذیر 7 سالہ بچی فضا دختر عبدالرزاق مبینہ طور پر اغوا ہوگئی۔

بچی کے نانا نے پولیس کو بتایا کہ ان کی نواسی اندرون سندھ سے ان کے پاس رہنے آئی ہوئی تھی اور 5 اپریل کی صبح 11 بجے کے گھر کے سامنے منگل بازار سے کچھ سامان لینے کے لیے گھر سے نکلی تھی، نصف گھنٹہ گزر جانے کے بعد بچی واپس نہیں آئی تو انہیں فکر ہوئی اور انھوں نے بچی کی تلاش شروع کردی لیکن کچھ معلوم نہ ہوسکا۔

نانا نے دعوی کیا کہ میری نواسی فضا کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا ہے لہذا قانونی کارروائی کی جائے جس پر پولیس نے بچی کے نانا محمد حسین کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 570/2022 بجرم دفعہ 34/363 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا اور بچی کی تلاش شروع کردی۔

بچی کو اغوا ہوئے ایک ہفتہ گزرچکا ہے لیکن پولیس اب تک بچی کو تلاش نہیں کرسکی جس کے باعث بچی کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس مقدمہ درج کرکے بھول گئی ہے، بچی کے اہل خانہ نے اعلیٰ پولیس افسران سے اپیل کی ہے کی ان کی بچی کو تلاش کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں