وزیراعظم کا اسلام آباد پشاور موڑ سے ائیرپورٹ تک 5 دن میں میٹرو بس چلانے کا اعلان

ذوالفقار بیگ  منگل 12 اپريل 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پشاور موڑ سے ائیرپورٹ تک پانچ دن میں میٹرو بس سروس چلانے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میٹرو بس چلانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے  اور کہا ہے کہ متعلقہ محکمے میٹرو سروس پانچ روز میں چلانے کے انتظامات مکمل کریں۔ وزیر اعظم کی جانب سے سی ڈی اے، وزارت داخلہ، این ایچ اے کو میٹرو چلانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں پاک سیکرٹریٹ سے راولپنڈی صدر تک میٹرو بس سروس کا آغاز کیا گیا تھا جبکہ دوسرے فیز میں پشاور موڑ سے نیو انٹرنیشل ائر پورٹ تک میٹرو بس سروس  چلانے کا فیصلہ کیا گیا جو کہ 2018ء میں پی ٹی آئی کی حکومت کی وجہ سے سرد خانے کا شکار ہوگیا تھا۔

سی ڈی اے کے ذرائع کہ مطابق پہلے فیز میں 10 بسوں سے نئی میٹرو بس سروس کا اغاز کیا جائے گا اور پشاور موڑ میں موجود بس ٹرمینل سے ائر پورٹ بسوں کو آپریشنل کیا جائے گا بعد ازاں چین سے آنے والی نئی 30 بسوں کو شامل کیا جائے گا۔

چھ عدد کارگو بسیں ائر پورٹ سے 26 نمبر چنگی اسٹاپ تک آئیں گی تاکہ مسافروں کو سہولت میسر ہو، پشاور موڑ سے ائر پورٹ تک 13 اسٹیشن آپریشنل ہیں جبکہ باقی ماندہ پر کام تیزی سے جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔