امریکا میں ریلوے اسٹیشن پر فائرنگ میں 13 افراد زخمی، دھماکا خیز آلات برآمد

ویب ڈیسک  منگل 12 اپريل 2022
نیویارک کے ریلوے اسٹیشن کو فائرنگ کے بند کردیا گیا، فوٹو: اے ایف پی

نیویارک کے ریلوے اسٹیشن کو فائرنگ کے بند کردیا گیا، فوٹو: اے ایف پی

 نیویارک: امریکی شہر بروکلین کے ایک سب وے اسٹیشن پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 13 افراد زخمی ہو گئے جب کہ اس مقام سے کئی دھماکہ خیز آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست نیویارک کے شہر بروکلین کے ریلوے اسٹیشن میں نارنجی تعمیراتی بنیان پہنے اور منہ پر گیس ماسک لگائے ایک مسلح شخص نے پہلے ایک ڈبہ پھینکا جس سے دھواں نکلا اور بھگدڑ مچ گئی۔

اس کے بعد اس شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔  فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر نیویارک پولیس نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔

پولیس کو ریلوے اسٹیشن سے دھماکا خیز آلات بھی ملے ہیں جو پھٹنے سے بچ گئے تھے۔ اگر یہ مواد پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوتا پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے اسلحہ کے خرید و فروخت پر قابو پانے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں سالانہ تقریباً 40 ہزار اموات ہوتی ہیں جن میں خودکشیاں بھی شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔