وزیراعظم کا نوازشریف کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 12 اپريل 2022
وزیراعظم اور نوازشریف کی فائل فوٹو

وزیراعظم اور نوازشریف کی فائل فوٹو

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف کو پاسپورٹ جاری ہورہا ہے، وہ پاکستانی ہیں اور گرین پاسپورٹ ان کا حق ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نوازشریف کے ساتھ سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی پاسپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ قومی اسمبلی میں پہلے خطاب کے تمام اعلانات پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ہماری حکومت ہر آنے والے دن عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لئے کام کرے گی۔

مزید پڑھیں: اداروں کے خلاف مہم چلانے والے قانون کی گرفت میں ضرور آئیں گے، وزیراعظم

واضح رہے کہ ایک روز قبل شہباز شریف قومی اسمبلی میں 174 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے، جس کے بعد انہوں نے 23ویں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

ووٹنگ میں کامیابی کے بعد شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں کوئی غدار نہیں اور نہ ہی پاکستان مخالف ہے، ہم نوازشریف کے کیسز کو قانون کی روشنی میں دیکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔