’پناہ گاہیں‘ اور’احساس پروگرام‘ ختم کرنے کی خبریں جھوٹی ہیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اپريل 2022
عوام کی بھلائی کے ہرمنصوبے کوبہتربنائیں گے،مریم اورنگزیب:فوٹو:فائل

عوام کی بھلائی کے ہرمنصوبے کوبہتربنائیں گے،مریم اورنگزیب:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیا ہے۔

(ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔پناہ گاہیں اوراحساس پروگرام بند کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔عوام کی بھلائی کے ہرمنصوبے کومزید بہتربنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کردیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔نوازشریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا اسے مزید بہتر بنائیں گے۔ آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوامی  اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کے لئے استعمال نہیں کرتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔