برسوں سے لاپتا شہریوں کے اہل خانہ نے بھی عدالت آنا چھوڑ دیا

کورٹ رپورٹر  جمعـء 15 اپريل 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 کراچی: لاپتا شہری واپس آگئے یا پھر سائلین مایوس ہوگئے؟ متعدد لاپتا افراد کے اہل خانہ کیسز کی پیروی سے گریز کرنے لگے، سندھ ہائیکورٹ نے عدم پیروی کے سبب ایک لاپتا شہری کے لیے دائر درخواست ملتوی اور دوسرے شہری کے لیے دائر درخواست مسترد کردی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ کے روبرو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ برسوں سے لاپتا شہری سید اففان کے اہل خانہ نے بھی عدالت آنا چھوڑ دیا۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے جب کوئی آتا نہیں تو کیس کی کارروائی آگے کیسے بڑھائیں؟ کئی سماعتوں سے کوئی پیش ہی نہیں ہورہا، درخواست عدم پیروی پر مسترد کررہے ہیں، جب کوئی آجائے تو دیکھیں گے۔

عدالت نے شہری سید اففان کی گمشدگی کی درخواست عدم پیروی پر مسترد کردی۔ عدالت نے دوسرے شہری سید طاہر کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کو عدم پیروی کے سبب غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔