عدالت نے آزاد کشمیر اسمبلی کے قائد ایوان کا انتخاب پیر تک روک دیا

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اپريل 2022
 عدالت نے وزیراعظم کے انتخاب کی آج کی کارروائی کالعدم قرار دے دی

عدالت نے وزیراعظم کے انتخاب کی آج کی کارروائی کالعدم قرار دے دی

 مظفر آباد: آزاد کشمیر عدالت نے وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے قائد ایوان کا انتخاب  پیر تک روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر کی عدالت عالیہ کے  جسٹس شاہد بہار اور جسٹس سردار اعجاز نے قائد ایوان سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر آزاد کشمیر کے اقدامات کو غلط قرار دے دیا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے آزاد کشمیر اسمبلی کے قائد ایوان کا انتخاب پیر تک روکنے کا حکم جاری کر دیا اور اسپیکر کا آج کے روز کا قاعدہ معطل کر کے وزیراعظم کے انتخاب کی کارروائی کالعدم قرار دے دی۔

قبل ازیں مظفرآباد الیکشن کمیشن نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ قائد ایون کے لیے کاغذات نامزدگی آج ہی جمع ہوں گے۔

کاغذات نامزدگی آج دن 1 بج کر 45 منٹ سے دو بج کر 45 منٹ تک جمع کروائے جا سکیں گے جن کی جانچ پڑتال 2 بج کر 45 منٹ سے تین بج کر 15 منٹ تک ہو گی۔

درست قرار دیئے جانے والے امیدواروں کی فہرست ساڑھے تین بجے آویزاں کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کہ واپسی چار بجے جب کہ حتمی فہرست سوا چار بجے تک آویزاں کی جائے گی بعدازاں وزیراعظم کا انتخاب سہ پہر ساڑھے چار بجے ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔