ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.68 فیصد کی کمی

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اپريل 2022
 سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 17.87 فیصد سے کم ہوکر 16.44 فیصد پر آگئی ہے، ادارہ شماریات

سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 17.87 فیصد سے کم ہوکر 16.44 فیصد پر آگئی ہے، ادارہ شماریات

 اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.68 فیصد کی کمی ہوگئی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق  ملک میں نئی حکومت کے آنے کے فوری بعد ہی ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی، اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جب کہ اب ادارہ شماریات کی مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.68 فیصد کی کمی واقع ہوئی اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 17.87 فیصد سے کم ہوکر 16.44 فیصد پر آگئی ہے۔ حالیہ ہفتے 17  اشیائے ضروریہ مہنگی، 10 سسستی ہوئیں جب کہ 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق  14 اپریل 2022 کو ختم ہونے تک ملک میں استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.68 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 12.04 فیصد، چکن 8.39 فیصد، لہسن 2.04 فیصد، چینی 0.49 فیصد، آلو 0.41 فیصد، آٹا 0.31 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.14 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں فیصد اور جلانے والی لکڑی کی قیمت میں فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سگریٹ، انڈے، دال مسور، چکن، مٹن، بیف، ٹوٹا چاول، دال چنا دال ماش، کھلا دودھ، دہی، چائے کی پتی، خشک پاوڈر دودھ اور دال مونگ سمیت 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 14 اپریل 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح 16.44 فیصد رہی ہے، گزشتہ ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 14.33 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 15.46 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 15.84 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 16.25 فیصد رہی۔  جب کہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 17.15 فیصد رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔