کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں کے سدباب کیلئے ’اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس‘ تیار

فورس میں شامل اسٹاف 8، 8 گھنٹے کی دو شفٹوں میں صرف انسداد اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے پیٹرولنگ پر مامور ہوں گے


ویب ڈیسک April 18, 2022
کراچی پولیس کی اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس تیار

سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام نے شہر قائد میں بڑھتی ہوئی راہزنی کی وارداتوں پر قابو پانے کےلیے انسداد اسٹریٹ کرائم فورس تشکیل دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے جس نجات دلانے کےلیے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس تشکیل دی ہے۔

رانا معروف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فورس میں شامل اسٹاف 8 ، 8 گھنٹے کی 2 شفٹوں میں صرف انسداد اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے پیٹرولنگ پر مامور ہونگے، جو کہ 2 شفٹوں شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک اور رات 12 بجے سے صبح 8 بجے تک ہونگے۔



ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل انٹی اسٹریٹ کرائم فورس میں شامل جوانوں کو بریفنگ دے رہے ہیں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل انٹی اسٹریٹ کرائم فورس میں شامل جوانوں کو بریفنگ دے رہے ہیں

ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے

رانا معروف کا کہنا تھا کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس کے قیام اسٹریٹ کرائم کے انسداد کے لیے بہترین قدم ہے

انہوں نے بتایا کہ گشت کے لیے قابل استعمال بنائی گئی تمام موٹر سائیکلوں کو اپنی مدد آپ کے تحت درست کرایا گیا جس میں ہوٹر اور فلشینگ لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں جب کہ گشت کے لیے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 جوانوں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کو روزآنہ کی بنیاد پر 2 لیٹر پیٹرول مہیا کیا جائے گا جو صورتحال کو دیکھتے ہوئے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ صرف کسی بھی مشتبہ موٹر سائیکل یا گاڑی سوار کی تلاشی لیں گے کہ ان کے پاس کہیں اسلحہ یا منشیات تو نہیں ہے تاہم دستاویزات اور لائسنس طلب کرنا ان کی ڈیوٹی میں شامل نہیں ہے۔

مقبول خبریں