ٹریفک وارڈن تشدد کیس: کرکٹر عمر اکمل کے وارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک  جمعرات 27 فروری 2014
عمر اکمل ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے بنگلہ دیش میں موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

عمر اکمل ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے بنگلہ دیش میں موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: عدالت نے قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بار عمر اکمل کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں 11 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ٹاؤن تھانہ کچہری میں کرکٹر عمر اکمل کی جانب سے ٹریفک وارڈن پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کیس کی سماعت کے موقع پر عمر اکمل کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل ملک سے باہر ہیں لہذا انھیں واپسی پرعدالت میں پیش ہونے کی مہلت دی جائے جس پر ڈسٹرکٹ سیشن جج کا کہنا تھا کہ ملزم کو پہلے بھی نوٹسسز جاری کئے گئے تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، عمر اکمل کو چھوٹ فراہم نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ انھیں 11 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ عمر اکمل کے خلاف ٹریفک وارڈن پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج ہے جب کہ عمر اکمل ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے بنگلہ دیش میں موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔