امریکا کا یوکرینی فوج کو کروڑوں ڈالر کے جنگی ساز و سامان دینے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 22 اپريل 2022
 یوکرین کیلیے خصوصی طور پر تیار کردی ڈرونز بھی بھیجے گا، فوٹو: فائل

یوکرین کیلیے خصوصی طور پر تیار کردی ڈرونز بھی بھیجے گا، فوٹو: فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے جنگ زدہ یوکرین کے لیے 80 کروڑ ڈالر کی نئی فوجی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے مسلسل حملوں پر یوکرین کی مدد  کے لیے امریکی صدر جوبائیڈن نے 80 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس سے مزید امداد طلب کرلی۔

اس موقع پر امریکی صدر نے 155 ایم ایم 75 ہووٹزر، 72 ٹیکٹیکل گاڑیاں اور 100 سے زائد فینکس گھوسٹ ڈرون سمیت بھاری توپیں اور گولہ بارود کے 14 لاکھ 4 ہزار راؤنڈز یوکرین بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔

خیال رہے کہ اس قبل صدر جوبائیڈن نے روسی افواج کے نرغے میں پھنسے یوکرینی عوام کے لیے 50 کروڑ ڈالر مالی امداد کا بھی اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ آئندہ ہفتے کانگریس سے اضافی فنڈنگ کی بھی درخواست کریں گے جس کے لیے ابھی مالیت پر بات چیت ہو رہی ہے اور آئندہ ہفتے امریکی ایوان نمائندگان میں اس پر غور کیا جائے گا۔

امریکی صدر کے اس فیصلے کی تائید حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا حاصل ہے اس لیے امید ہے کہ یوکرین کے لیے نئی فنڈنگ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

صدر جوبائیڈن نے روس کے حملے سے فرار ہونے والے یوکرینی باشندوں کو عارضی طور پر امریکا آنے کی اجازت دی ہے تاہم اس کے لیے ان کے پاس امریکی اسپانسر ہونا لازمی ہوگا۔

دوسری جانب روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے صدر جو بائیڈن نے روس سے وابستہ بحری جہازوں کو امریکی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے سے روکنے کا منصوبے تیار کیا ہے جس پر روس نے تنقید کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔