فارن فنڈنگ کیس؛ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 اپريل 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانب داری کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وکیل انور منصور خان اور شاہ خاور نے پی ٹی آئی کے رہنما عامر کیانی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سمیت 17 سیاسی جماعتوں تحریک انصاف نے نون لیگ، پی پی پی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی،عوامی مسلم لیگ، تحریک لبیک، باپ، بی این پی، اے این پی، پی ٹی آئی و دیگر کو درخواست میں فریق بنایا ہے اور ان 17 سیاسی جماعتوں کے خلاف کیسز کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کی ہے۔

پی ٹی آئی نے موقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جانب داری کا مظاہرہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی سے انکاری ہے، الیکشن کمیشن کے رویے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی بن گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی چھان کا حکم دیا جائے، الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ اسٹیٹ بینک تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کرے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے بعد الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات عام کرے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی جائے کہ وہ دیگر 17 سیاسی جماعتوں کے کیسز روزانہ کی بنیاد پر سن کر ایک ماہ میں فیصلہ کرے اور پی ٹی آئی کے ساتھ جانب دارانہ رویہ نہ رکھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔