علمِ نجوم کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 1 مئ 2022
2 تا8 مئی 2022

2 تا8 مئی 2022

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
مریخ بارھویں یعنی بیرون ملک، اسپتال اور تنہائی کے امور کو متحرک کررہا ہے۔ پیر کو بے ساختہ سفر ہوسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے جاب یا بزنس میں بہتری کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
منگل کو محتاط رہیں کسی سے تندی تلخی ہوسکتی ہے۔ گاڑی میں کوئی تیکنیکی مسئلہ ہوسکتا ہے۔ جمعرات اور جمعہ بیرون ملک سے کوئی اچھی خبر آسکتی ہے بزرگوں کی صحت کا خیال رکھیں۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
پہلی تاریخ کا سورج گرہن آپ کے گھر، والدہ اور چھوٹے بہن بھائیوں سے متعلق کوئی فکر پیدا کرسکتا ہے۔
تین اور چار مئی یعنی منگل اور بدھ کو مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس میں قریبی افراد کا عمل دخل ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے سفر سے بھی فائدہ ہو جمعرات کو سفر کا امکان ہے جو کچھ اجنبی افراد سے قربتوں کے نئے باب کھول سکتا ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
دو اور تین مئی ایک شان دار وقت ہوسکتا ہے۔
آپ کا سیارہ چاند اور زہرہ سے سعد روشنی وصول کررہا ہے مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔
اجنبی افراد سے فائدہ ہوسکتا ہے آپ کا حلقہ وسعت اختیار کرسکتا ہے۔مریخ اور مشتری کیریئر کے خانے میں ہیں کیریئر میں بہتری اورعزت میں اضافے کی امید کی جاسکتی ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
سورج گرہن آپ کے دوست احباب، بڑے بہن بھائی اور حلقہ یاراں میں لگ چکا ہے۔ یہ گرہن مذکورہ افراد سے متعلق کوئی ناپسندیدہ معاملہ سامنے لاسکتا ہے۔ ان سے مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے لیکن یہ فائدہ اپنے ساتھ کچھ تکلیف بھی سامنے لاسکتا ہے۔ اس بارے میں محتاط رہیں۔ عطارد بارھویں یعنی آن لائن بزنس اور ملٹی نیشنل اداروں سے روابط بڑھاتا نظر آتا ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ سورج ہے جو گرہن سے گزر رہا ہے۔ راہو کے ساتھ ابھی اسے کم و بیش دو ہفتے گزارنا ہیں جاب اور کیریئر میں کوئی اہم معاملہ ہوسکتا ہے۔ کوئی غیرمتوقع مسئلہ سر اٹھاسکتا ہے۔ انتہائی محتاط رہیں۔ ازدواجی خانہ بھی کسی قدر متاثر ہوسکتا ہے۔ شریکِ حیات کے ساتھ کسی بھی صورت دوریوں کو سر اٹھانے نہ دیجیے گا۔ بدھ اور جمعرات کو مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
برج سنبلہ ستارہ عطارد سورج گرہن آپ کے مقدر کے خانے میں لگ رہاہے غیرمتوقع مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اگر سورج آپ کے پیدائشی زائچے میں منفی توانائی کا حامل ہے تو ممکن ہے یہ الٹ بھی ہوسکتا ہے۔
اپنا نیا کام شروع کرسکتے ہیں۔ یہ ایک معاون ہفتہ ہوسکتا ہے، خصوصاً بدھ سے ہفتہ کے درمیان کا وقت بہتر ہوسکتا ہے۔ آن لائن کام بھی ہوسکتا ہے آپ کا معاشرتی دائرہ وسیع ہوسکتا ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا سیارہ کم زور پوزیشن میں ہے۔ شریکِ حیات یا شریکِ بزنس سے اختلاف ہوسکتا ہے۔ یہ گرہن مالی الجھنیں لاسکتا ہے۔ مریخ چھٹے خانے میں ہے کام کے مقام پر کسی سے تلخی ہوسکتی ہے۔ محتاط رہیں۔ بیرون ملک جانے کا امکان موجود ہے یا بیرون ملک سے کوئی اہم کال آسکتی ہے جو کہ مالی فائدے کی بنیاد رکھے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
سورج جو کہ آپ کے معاشرتی عزت و وقار کا نمائندہ ہے عوامی خانے میں گرہن زدہ ہوچکا ہے اور مزید راہو کے محور میں رہنے والا ہے اندیشہ ہے کہ کچھ حاسدین مارکیٹ میں آپ کی ساکھ کو داغ دار کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ لین دین و دیگر امور میں سخت محتاط رہیں اور کسی پر اعتماد نہ کریں۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کا سیارہ مشتری مریخ و نیپچون کے ساتھ کیریئر کو دیکھ رہا ہے۔ نیا کام شروع ضرور کریں لیکن دو ہفتے بہتر ہے رک جائیں۔ سورج گرہن بزنس اور کام کاج کے خانے میں لگ رہا ہے۔ سورج آپ کی خوش بختی کا نمائندہ ہے، ممکن ہے کچھ الجھنیں پیدا ہوں یہ عارضی الجھنیں ہوسکتی ہیں، کیوںکہ دیگر سیاروں کی پوزیشن آپ کے حق ہی میں ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
سورج آپ کے آٹھویں یعنی پرانے امراض، وراثتی معاملات، اچانک حادثات اور خوف وخدشات کا نمائندہ ہے، اور اولاد کے خانے میں اسے گرہن لگ رہا ہے۔ بچوں سے متعلق کوئی الجھن ہوسکتی ہے۔ محبوب دوست سے اختلاف یا تعلق میں خرابی ہوسکتی ہے۔ نئے تعلقات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ بزنس میں نئی روح پھونکی جاسکتی ہے، خصوصاً منگل اور بدھ اہم ہیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
دوسرے یعنی آمدن کے خانے میں سیارے کثرت سے ہیں۔ اس ہفتے بڑا مالی فائدہ ہوسکتا ہے پرائز بانڈ یا اسی نوع کا کوئی اور مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ سورج گرہن چوتھے خانے یعنی آپ کی رہائش گاہ میں لگ رہا ہے۔ ایسا وقت جس میں گھر سے متعلق کوئی الجھن ہوسکتی ہے۔ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
گرہن آپ کے سفر اور پڑوس کے امور کو متاثر کرسکتا ہے۔ سفر سے گریز کریں اور قریبی افراد سے بگڑنے نہ دیں۔
رہائش گاہ تبدیل ہونے کا امکان ہے اگر آپ کرائے کے مکان کے متمنی تھے تو اس میں کام یابی ہوتی نظر آتی ہے۔ جمعہ اور ہفتہ رومان پرور ایام ہیں بچوں سے خوشی مل سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔