وزیراعظم شہباز شریف کی ابوظبی کے ولی عہد سے ملاقات کا اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک  پير 2 مئ 2022
وزیراعظم سعودی عرب کے اپنے دورے کے اختتام پر شام میں ابوظبی پہنچے تھے۔

وزیراعظم سعودی عرب کے اپنے دورے کے اختتام پر شام میں ابوظبی پہنچے تھے۔

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید ال نہیان سے ابوظبی میں ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب کے اپنے دورے کے اختتام پر شام میں ابوظبی پہنچے تھے، کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ولی عہد نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور ان ذمہ داریوں میں عظیم کامیابی کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

دونوں رہنماﺅں نے متعدد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔

وزیراعظم نے یو اے ای کے بانی اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان اور یو۔اے۔ای کی دوستی کی مضبوط بنیاد قائم کرنے کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نھیان کی بصیرت کی روشن میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔

یواے ای کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین 50 سال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے یو۔اے۔ای کی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے دبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پر یو۔اے۔ای کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک باد دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ سطح اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پر یو۔اے۔ای کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر یو۔اے۔ای پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور عالمی وباء کے دوران یو۔اے۔ای کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔

انہوں نے 1.7 ملین پاکستانیوں کی عزت ووقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر یو۔اے۔ای کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور یو۔اے۔ای کے درمیان نہ صرف پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔

عزت مآب شیخ محمد زاید آل نھیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں راہنماﺅں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔ انہوں نے یو۔اے۔ای میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی جانب سے یو۔اے۔ای کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اُس وقت یہاں تھے جب دوسرے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو۔اے۔ای ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عوامی فلاح کے لیے دونوں برادر اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں راہنماﺅں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ، او۔آئی۔سی سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لیے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ رواں ماہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔