پاکستانی سپر اسٹارز عالمی الیونز کا لازمی جزو بن گئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 3 مئ 2022
جے وردنے کی ڈریم ٹی 20 ٹیم کے ٹاپ 5 پلیئرز میں شاہین اور رضوان شامل ۔ فوٹو : فائل

جے وردنے کی ڈریم ٹی 20 ٹیم کے ٹاپ 5 پلیئرز میں شاہین اور رضوان شامل ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  پاکستانی سپر اسٹارز عالمی الیونز کا لازمی جزو بن گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں 2021 پاکستانی کرکٹرز کیلیے انتہائی شاندار رہا، اس دوران پرفارمنسز کی وجہ سے سپر اسٹارز نے کئی انٹرنیشنل ایوارڈز جیتے ،وہ کئی موجودہ اور سابق پلیئرز کی الیونز کا حصہ بھی بن رہے ہیں،یہ سلسلہ بدستور جاری ہے، سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے کی ڈریم الیون کے 5 ٹاپ کرکٹرز میں بھی پاکستانی شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان شامل ہیں۔

اس بارے میں جے وردنے نے کہا کہ اگر میرے پاس اختیار ہوتا کہ میں کوئی ٹی 20 ڈریم الیون منتخب کروں تو لازمی طور پر ٹاپ 5 کھلاڑیوں میں افغانی راشد خان، پاکستانی شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان، بھارتی جسپریت بمرااور انگلینڈ کے جوز بٹلر شامل ہوتے۔

شاہین کے بارے میں جے وردنے نے کہا کہ گذشتہ برس ورلڈ کپ میں انھوں نے انتہائی شاندار پرفارم کیا، نئی گیند کے ساتھ ان کی بولنگ کافی اچھی رہی اور وہ اس کو جلد سوئنگ کرنے میں بھی کامیاب رہے، وہ اختتامی اوورز میں بہت اچھی بولنگ کرتے ہیں، میں ان کو اپنی الیون میں ایک شاندار اٹیکنگ آپشن کے طور پر شامل کرتا۔

جے وردنے نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹر کیلیے میں رضوان کے ساتھ جاؤں گا، میں جانتا ہوں کہ وہ اکثر پاکستان کی جانب سے بیٹنگ اوپن کرتے ہیں مگر میں سمجھتا ہوں کہ مڈل آرڈر میں بھی اتنے ہی کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں، رضوان اسپن بولنگ کا سامنا کرنے میں بھی ماہر ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر میرے بس میں ہوتا تو کرس گیل جب  30 برس کی عمر کے تھے تب ان کی جوز بٹلر کے ساتھ جوڑی بناتا،یہ دنیا کا سب سے بہترین اوپنگ پیئر ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔