وزیراعظم کا ترک صدر، امیر قطر اور شاہ بحرین سے ٹیلی فونک رابطہ

غریبوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی مفت فراہمی اولین ترجیح، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

غریبوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی مفت فراہمی اولین ترجیح، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

لاہور / اسلام آباد: وزیر اعظم شہبازشریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، وزیراعظم نے ترکی کی حکومت قیادت اور عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں ان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے شہباز شریف نے ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور ایسی پالیسیوں سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کشمیر تنازع پر ترکی کی اصولی اور ثابت قدم حمایت پر صدر اردگان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران روکنے کی اہمیت پر زور دیا دونوں رہنمائوں نے تمام بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا وزیراعظم نے ترک صدر کو دورہ پاکستان جبکہ صدر اردوان نے وزیراعظم کو دورہ ترکی کی دعوت دی، دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے تبادلے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمدبن خلیفہ آل ثانی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، سیاسی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو عیدالفطر کی مبارکباد اور جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انھیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک پیش کی۔ انھوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ شاہِ بحرین نے کہاکہ وہ وزیراعظم کے ساتھ قریبی تعاون اور مل کر کام کرنے کیلئے چشم براہ ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید آل نھیان کو ٹیلی فون کرکے انہیں اور متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارک پیش کی۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات (یو۔اے۔ای) کی قیادت کی اچھی صحت اور برادر اماراتی عوام کے امن وخوش حالی کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

ابو ظبی کے ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کو عید کی مبارک پیش کرتے ہوئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ’یو۔اے۔ای‘ کے اپنے حالیہ دورے کے دوران ولی عہد کے ساتھ اپنی تفصیلی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک میزبانی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید تیز کرنے کے لئے وہ ’یو۔اے۔ای‘ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے ’یو۔اے۔ای‘ کے حالیہ دورے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جو دونوں برادر عوام کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔

وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

دونوں راہنماﺅں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔