قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2022
پاکستان کیتاریخ میں کوئی بدبخت ایسا نہیں آیا جس نے چاند رات کو بھی احتجاج کیا ہو، رانا ثنااللہ۔ فوٹو:فائل

پاکستان کیتاریخ میں کوئی بدبخت ایسا نہیں آیا جس نے چاند رات کو بھی احتجاج کیا ہو، رانا ثنااللہ۔ فوٹو:فائل

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ  قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ، اشتعال انگیز ی اور خانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں، لیکن ان کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، ان کی سستی شہرت کے لئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہوں گے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو اگر گرفتاری کا خوف نہیں تو اپنی ضمانت قبل ازگرفتاری کیوں کروا رہے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ مسجد نبوی ﷺ پر ہونے والے توہین آمیز واقعے کے ماسٹر وہ خود ہیں، انہوں نے رمضان کے پہلے عشرے میں جدہ کے سپینسر ہوٹل میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے ساتھ مل کر سازش تیار کی، اور اپنی خود غرصی اور ہوس میں اپنے بھتیجے کو بھی نہیں بخشا، خود مزے سے پنڈی میں عید کررہے ہیں اور ان کا بھتیجا ان کی سازش کی وجہ عید جیل میں کاٹ رہا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کے پاس اختیار تھا وہ وقت پر فیصلہ کرتے اور اسبملیاں توڑ کر نئےالیکشن کروا دیتے، وہ آج حکومت سے اور ریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہیں، الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے، قومی خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا منتظر رہوں گا

اس سے قبل فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے،ایک فتنہ پرور آدمی اس ملک پر مسلط رہا، ایک نالائق اور نااہل ٹولے نے ملک کی اکانومی کا بیڑہ غرق کردیا، جب یہ حلقوں میں جائیں گے تو انہیں بتانا پڑے گا کہ مہنگائی اتنی کیوں بڑھی، ہم کوشش کریں گے کہ مہنگائی کو بھی نیچے لاسکیں، پچھلی حکومت نے کوئی منصوبہ بھی شروع نہیں کیا، ای وی ایم کا صرف پروپیگنڈا ہے، انہوں نے ای وی ایم پر کچھ کیا ہی نہیں، ای وی ایم تو کسی ضمنی الیکشن میں بھی استعمال نہیں ہوئی، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا کوئی طریقہ وضع نہیں ہوا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں کوئی بدبخت ایسا نہیں آیا جس نے چاند رات کو بھی احتجاج کیا ہو، انہوں نے لوگوں کی چاند رات خراب کرنے کی کوشش کی ہے، عمران خان کی مقبولیت 2013 میں اب سے زیادہ تھی، کسی شہر میں بھی ان کی تعداد چند درجن سے زیادہ نہیں تھی، ان کے اپنے معاملات تھے جن پر ان کے اتحادیوں نے اور ان کے اپنے لوگوں نے ان کو چھوڑا، اب یہ لانگ مارچ کا کہہ رہے ہیں، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لیے میں اسلام آباد میں استقبال کے لیے منتظر رہوں گا۔

شیخ رشید کے بھتیجے اور پی ٹی آئی کے ایم این اے شیخ راشد شفیق کے حوالے سے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ کیا راشد شفیق پاکستان سے سعودی عرب یہ سب کروانے نہیں گئے تھے، جو لوگ برطانیہ سے آئے وہاں سب احتجاج صاحبزادہ جہانگیر نے کروائے تھے، مدینہ منورہ میں ایسے کلپس بھی موجود ہیں جہاں ان کے بندے لوگوں کو کھینچ رہے ہیں، اگر ہم یہ سب چیزیں سامنے لے کر آئیں تو پھر تو معاملہ مزید خراب ہوگا، میں پی ٹی آئی کے قائدین سے اپیل کرتا ہوں کے روضہ رسولؐ والے واقعہ کی مذمت کریں۔

رانا ثنااللہ  نے کہا کہ شیخ رشید کہتے ہیں مجھے جان سے مار دیا جائے گا، وہ خدا کا خوف کریں مجھ پر الزامات مت لگائیں، مجھے کیا ضرورت ہے کہ کچھ کروں، میرے خلاف تھانوں میں درخواستیں جمع کروانے سے کچھ نہیں ہوگا، حکومت عمران خان کے خلاف مقدمہ میں مدعی نہیں ہے، جس شخص کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی اس نے مقدمہ درج کروایا ہے، عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سیکڑوں درخواستیں تھانوں میں پڑی ہیں، جن کا پراسس چل رہا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان یا شیخ رشید کی گرفتاری وزیراعظم شہباز شریف کے حکم کے بغیر نہیں ہوسکتی، یہ کہہ دیں کہ فرح خان نے عمران خان کی فرنٹ وومن کے طور پر کروڑوں روپیہ نہیں لوٹا، یہ لوگ فرح خاں کو واپس پاکستان لائیں، گارنٹی دیتا ہوں کہ فرح خان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے ایک سال کے اندر الیکشن ہو رہے ہیں، الیکشن میں (ن) لیگ پنجاب سے کلین سویپ کرے گی، 6 تاریخ کو اٹک میں جلسہ ہوگا، اس کے بعد پنجاب اور کے پی کے میں جلسے کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔