بھارت؛ انتہا پسند ہندوؤں نے عید گاہ سے لاؤڈ اسپیکر اور مسلم جھنڈا اتار دیا

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2022
پولیس نے دس افراد کو حراست میں لے لیا، فوٹو: فائل

پولیس نے دس افراد کو حراست میں لے لیا، فوٹو: فائل

جودھ پور: بھارتی ریاست راجستھان میں ہندو جماعت نے عید گاہ سے مسلم تنظیم کا پرچم اتار کر اپنا جھنڈا لگا دیا اور لاؤڈ اسپیکر بھی اتار کر لے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق راجستھان کے شہر جودھ پور میں گزشتہ روز ہونے والے ہند و مسلم فسادات میں عید کے روز مزید اضافہ ہوگیا۔

فسادات کا آغاز مسلم اکثریتی علاقے سے ان کی جماعت کا پرچم اتار ہندو جماعت کا جھنڈا لگانے پر ہوا تھا تاہم آج عید کی نماز کے موقع پر شرپسندوں نے عید گاہ پر ہندو جھنڈا لگا دیا اور لاؤڈ اسپیکر بھی ساتھ لے گئے۔

اس مذموم حرکت پر نمازیوں میں اشتعال پھیل گیا اور نماز کے بعد ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رکن قومی اسمبلی کے گھر پر کھڑی بائیک کو آگ لگادی۔

پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ پولیس نے الزام عائد کیا کہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا تھا۔ 10 سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔