کراچی میں دو پولیس مقابلوں کے دوران تین ڈاکو گرفتار اور تین فرار

اسٹاف رپورٹر  منگل 3 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کراچی: شارع فیصل اور عزیز بھٹی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد دو زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جب کہ عزیز بھٹی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل پولیس نے گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکو 30 سالہ عامر ولد عظیم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے ڈاکو 16 سالہ شیراز ولد ریاض کو تفتیش کے لیے شارع فیصل تھانے لے جایا گیا۔ ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول مع ایمونیشن، ایک چوری شدہ موٹرسائیکل، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔۔ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اسی طرح عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال سرشاہ سلیمان روڈ عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 40 سالہ راحیل ولد جمال الدین کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار ملزم سے دو ٹی ٹی پستول مع ایمونیشن، چھینا گیا موبائل فون، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی، ملزم سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔