فلپائن؛ گھر میں آتشزدگی سے 6 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2022
حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

 منیلا: فلپائن کے دارالحکومت میں رہائشی عمارت کی دوسری منزل میں خوفناک آتشزدگی میں 8 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں خوفناک آگ نے رہائشی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ صبح 5 بجے لگی تھی جب مکین سو رہے تھے اس لیے کسی کو بھاگنے کا موقع نہیں مل سکا۔

آگ بہت تیزی سے پھیلی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا گھر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔  فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران 8 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔

آتشزدگی میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ حکومت کی جانب سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔