اسلام آباد کی سبزی منڈی میں آتشزدگی، متعدد دکانیں جل کر خاک

اسٹاف رپورٹر  منگل 3 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سبزی منڈی میں شدید آتشزدگی کے سبب فروٹ ویجیٹبل کے شیڈ، دکانیں اور سامان جل کر خاک ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں شب ایک بجے کے قریب شدید آندھی و طوفان شروع ہوتے ہی سیکٹر آئی الیون اسلام آباد میں واقع سبزی منڈی کے فروٹ اور ویجیٹبل شیڈز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے شیڈ اور ملحقہ دیگر شیڈز سمیت اسٹالز کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے شعلے دور دور تک دیکھے گئے۔

اطلاع ملتے ہی سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ، اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کے حکام موقع پر پہنچے اور فائر فائٹنگ کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم آگ کی شدت کے پیش نظر راولپنڈی سے ریسکیو 1122 سمیت دیگر محکموں کے فائر بریگیڈ و فائرفائٹرز کو طلب کرلیا گیا۔

سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کے چھ اور ریسکیو 1122 کے بارہ فائر ٹینڈرز و عملے سمیت پاکستان نیوی اور بحریہ ٹاؤن کی ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی انجینئر کامران رشید خود اسلام آباد پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے جبکہ فائر فائٹنگ آپریشن کے لیے ریسکیو 1122 مری اور تحصیل ٹیکسلا سے بھی فائر ٹینڈرز طلب کر لیے گئے۔

تقریباً چار گھنٹے سے زائد کی فائر فائٹنگ کے بعد بھی شیڈز میں وقفے وقفے سے آگ بھڑکنے کے باعث امدادی ادارے موقع پر موجود رہے اور آگ کو مکمل بجھانے اور کولنگ کا عمل جاری تھا۔

ایس ایچ او سبزی منڈی کا کہنا تھا کہ آگ کیسے لگی اس کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا جب کہ ترجمان ریسکیو 1122 راولپنڈی کا کہنا تھا کہ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل منڈی میں لگنے والی آگ نے کچھ فاصلے پر مختلف اشیائے خوردونوش جن میں کھانے کا آئل و فروٹ وغیرہ بھی شامل ہے ان کے اسٹوریج کے لیے استعمال ہونے والے اسٹورز کو بھی زد میں لے لیا ہے جہاں فائر فائٹنگ جاری تھی۔

ڈیٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری انسیڈنٹ رپورٹ میں ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ آگ فروٹ اینڈ ویجٹیبل آکشن ایریا میں شب ایک بج کر دس منٹ پر لگی، تیز ہوا کے باعث آگ اشیائے خوردونوش کے شیڈز تک پھیل گئی، تمام افراد کو باحفاظت متاثرہ مقام سے نکال لیا گیا کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کی بروقت کوششوں کے باوجود تیز ہواؤں کے باعث آگ منڈی میں اسٹالز تک پھیل گئی اور قریب ہی خوردنی تیل کے ذخیرے نے بھی آگ پکڑلی جس پر دو گھنٹے کی کوششوں سے قابو پایا گیا، فائر فائٹنگ آپریشن میں میونسل کارپوریشن اسلام، راولپنڈی انتطامیہ، ریسکیو 1122 راولپنڈی، پاکستان نیوی اور بحریہ ٹاون کے فائربریگیڈ نے حصہ لیا۔

ڈی سی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کے سبب آج منگل کو منڈی مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آتشزدگی کے باعث ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔