ایران میں زہریلی شراب پینے سے 8 افراد ہلاک، درجنوں کی حالت غیر

ویب ڈیسک  منگل 3 مئ 2022
ایران میں زہریلی شراب پینے سے آٹھ افراد ہلاک(فوٹو فائل)

ایران میں زہریلی شراب پینے سے آٹھ افراد ہلاک(فوٹو فائل)

تہران: ایران میں زہریلی شراب پینے سے آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ درجنوں افراد حالت غیر ہونے پر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق زہریلی گھریلو شراب پینے سے ہلاکتوں کا معاملہ ایرانی شہر بندر عباس سے سامنے آیا ہے جہاں درجنوں افراد نے گھریلو ساختہ شراب پی تھی۔

زہریلی شراب پینے سے 8 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ ڈاکٹرز دیگر51 افراد کی زندگیاں بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

محکمہ صحت کی افسر ڈاکٹر فاطمہ نوروزین نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ اسپتال میں زیر علاج افراد میں سے 17 کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ دیگر 30 متاثرین کے ڈائلازیز جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے زہریلی شراب بنانے اور فروخٹ کرنے کے شبے میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں شراب کی تیاری، فروخت اور ذخیرہ سختی سے منع ہے، ایرانی قوانین کے مطابق اگر کوئی مسلمان شراب کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا جائے تو اسے 80 کوڑوں کو سزا دی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔