’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ میں ’’دی میٹرکس‘‘ کا کونسا مشہور سین کاپی کیا گیا ہے؟

ویب ڈیسک  بدھ 4 مئ 2022
بالی ووڈ کی کئی فلمیں ہالی ووڈ یا ساؤتھ انڈین فلموں کی نقل ہوتی ہیں فوٹوفائل

بالی ووڈ کی کئی فلمیں ہالی ووڈ یا ساؤتھ انڈین فلموں کی نقل ہوتی ہیں فوٹوفائل

عالیہ بھٹ کی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ کا ایک سین ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ’’دی میٹرکس‘‘ کے ایک منظر سے ہوبہو کاپی کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ اوریجنل اور تخلیقی کام کرنے کے بجائے اکثر دوسروں کے کیے گئے کاموں کی نقل کرنے کے لیے مشہور ہے۔ بالی ووڈ کی کئی فلمیں ہالی ووڈ یا ساؤتھ انڈین فلموں کی نقل ہوتی ہیں اور بھارتی فلم انڈسٹری کے موسیقاروں کا پاکستانی میوزک چوری کرنا تو جیسے پسندیدہ مشغلہ ہے۔

جس کی مثال پاکستان کی پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی کا مشہور گانا ’’بوہے باریاں‘‘ ہے جسے حال ہی میں بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور نے نہ صرف چرایا ہے بلکہ ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے اپنا اوریجنل گانا بھی قرار دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مشہور سمپسن کارٹون اور وائرل گرل دنانیرمبین کی مقبولیت میں حیرت انگیز مماثلت

اور اب بھارت کے نمبر ون ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ کا ایک منظر بھی ہالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم ’’دی میٹرکس‘‘ سے ہو بہوکاپی کیا گیا ہے۔

ایک سوشل میڈیا پیج نے فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ اور ’’دی میٹرکس‘‘ کے ایک منظر کے درمیان غیر معمولی مماثلت کی جانب نشاندہی کرواتے ہوئے لکھا ’’دو دہائیوں بعد بھی بالی ووڈ کے جدید فلم سازوں میں سے زیادہ تر ’’دی میٹرکس‘‘ کو اپنے مواد میں شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘‘ میں ایک منظر پیش کیا گیا ہے جس میں فلم کا مرکزی کردار جوکہ عالیہ بھٹ نے ادا کیا ہے ایک لڑکی کو سرخ اور نیلی کینڈی دے کر دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنے کا کہتی ہے۔

یہ منظر فلم ’’دی میٹرکس‘‘ کے ایک انتہائی مقبول منظر کی یاد دلاتا ہے، جہاں مورفیوس فلم کے مرکزی کردار ’’نیو‘‘ کو  نیلی اور سرخ گولیاں پیش کرتا ہے اور دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنے کے لیے کہتا ہے۔

اگرچہ دونوں مناظر تصوراتی طور پر بالکل ایک جیسے ہیں، لیکن دونوں فلموں میں سوائے اس ایک سین کے اور کوئی چیز مشترک نہیں ہے۔ حالانکہ ان دونوں فلموں کی کہانی اور پس منظر ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں لیکن پھر بھی سنجے لیلا بھنسالی ہالی ووڈ سے اتنے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں کہ فلم میں ’’دی میٹرکس‘‘ کے مشہور سین کو کاپی کرنے سے خود کو روک نہیں سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔