انڈر19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا پاکستان کو شکست دیکرورلڈ چیمپئن بن گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 مارچ 2014
پاکستان کی جانب سے کرامت علی نے 2 ضیاءاالحق اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فوٹو:کرک انفو

پاکستان کی جانب سے کرامت علی نے 2 ضیاءاالحق اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فوٹو:کرک انفو

دبئی: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سمیع اسلم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی بیٹنگ لائن افریقی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب امام الحق 12 رنز بنا کر کگیسو ربادا کا شکار بن گئے اس کے بعد ایک کے بعد ایک پاکستانی کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین جاتا رہا اور پوری ٹیم  45 ویں اوور میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عماد بٹ نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے جب کہ ظفر گوہر نے 22، کپتان سمیع اسلم  نے 16 اور امیر حمزہ 12 رنز بنا پائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کاربن بوچ نے 4، جسٹن ڈل اور یاسین ولی نے 2،2 جب کہ کگیسو ربادا اور نگازیبینی سگول نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں افریقی بلے بازوں نے جب اننگز کا آغاز کیا تو ابتداء میں ہی افریقا کو جھٹکا لگا اور 10 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی، اس کے بعد اسمتھ بھی 28 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے،تیسری وکٹ میں اولڈفلڈ اور مرکرام نے لمبی پارٹنر شپ جوڑ کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اس طرح افریقا نے 4 چاروکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کرکےانڈر19 کرکٹ  ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔افریقا کی جانب سے مرکرام 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے  اور اولڈ فلڈ نے 40 رنز اسکورکیے جبکہ پاکستان کی جانب سے کرامت علی نے 2 ضیاءاالحق اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔