ولاگرز سے اداکار تک کا سفر

زنیرہ ضیاء  اتوار 8 مئ 2022
ماضی میں اداکار بننا جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ (فوٹو: فائل)

ماضی میں اداکار بننا جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: یوں تو نجانے کتنی آنکھوں میں اداکار بننے اور مشہور ہونے کے خواب سجتے ہیں، نجانے کتنے لوگ ہر روز دل میں اداکار بننے کی خواہش لے کر اسٹوڈیوز اور پروڈیوسرز کے دفتروں کے چکر لگاتے ہیں لیکن بہت کم خوش نصیب ہوتے ہیں جن کے خواب پورے ہوپاتے ہیں۔

ماضی میں اداکار بننا جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ باصلاحیت ہونے کے باوجود لوگوں کی جوتیاں گھس جاتی تھیں کسی ڈرامے یا فلم میں محض ایک چھوٹا سا کردار حاصل کرنے کےلیے۔ اور پھر چھوٹے چھوٹے کرداروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو منواتے ہوئے مرکزی کردار حاصل کرنے میں لوگوں کو برسوں لگ جاتے تھے۔ لہذا اُس دور میں جو لوگ اداکار بن گئے گویا انہوں نے قلع فتح کرلیا۔

لیکن بھلا ہو انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا جس نے اب لوگوں کےلیے اپنی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانا انتہائی آسان بنادیا ہے۔ موجودہ دور انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا دور ہے جسے عرف عام میں ’’ڈیجیٹل دور‘‘ کہا جاتا ہے اور جس نے اس ’’ڈیجیٹل دور‘‘ سے فائدہ اٹھالیا سمجھو اس کی موجیں ہی موجیں۔

یہ بھی پڑھیے: ویوز اور لائکس بڑھانے کیلئے پاکستانی وی لاگرز کے بھونڈے انداز

پاکستان میں خیر سے انٹرنیٹ تو کافی عرصے سے موجود ہے لیکن کورونا لاک ڈاؤن کے دوران سوشل میڈیا جس تیزی سے ملک بھر میں پھیلا ہے اس سے پاکستان کے کونے کونے میں چھپا ہوا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے۔

اس کی بہترین مثال ٹک ٹاک ہے۔ اب چاہے لوگ دنیا کی نمبر ون سوشل میڈیا ایپلی کیشن فیس بک استعمال کریں یا نہ کریں ٹک ٹاک ضرور استعمال کرتے ہیں اور اگر استعمال نہیں کرتے تو اس کے بارے میں جانتے ضرور ہیں۔ لیکن آج میں یہاں ٹک ٹاک کے بارے میں نہیں بلکہ ایک اور مقبول ترین ایپ یوٹیوب اور یوٹیوبرز کے بارے میں بات کروں گی۔

یقین کیجئے آج سے چار پانچ سال پہلے مجھے یوٹیوب کے بارے میں محض اتنا ہی علم تھا کہ یہاں فری میں فلمیں اور ڈرامے دیکھ سکتے ہیں، اس کے علاوہ کچھ لوگ ہیں جو کیمرے کے سامنے نجانے کیا الا بلا بولتے رہتے ہیں اور بس… مجھے اس بارے میں بہت بعد میں پتہ چلا کہ یہاں الا بلا بول کر پیسے بھی کمائے جاسکتے ہیں۔ (یقین کیجئے حیرت سے آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئی تھیں)

خیر میں نے تو ان یوٹیوبرز کو بہت بعد میں دیکھنا شروع کیا لیکن یہ یوٹیوبرز پچھلے دس، پندرہ سال سے یوٹیوب کی دنیا میں موجود ہیں اور ان کی اچھی خاصی فین فالوونگ ہے۔ لوگ گزشتہ کئی برسوں سے ان یوٹیوبرز کو دیکھ رہے ہیں۔ دو، تین سال پہلے تک ان کی شہرت محض یوٹیوب کی حد تک ہی تھی۔ تاہم کورونا لاک ڈاؤن کے دوران جہاں عام لوگ روزی و روزگار کے غم میں مبتلا تھے وہیں ان یوٹیوبرز (جو کہ خود کو ولاگرز بھی کہتے ہیں) کے مزے آگئے۔

لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ تقریباً ایک سال تک گھروں میں فارغ بیٹھے رہے اور اس فراغت کے دوران، انٹرنیٹ اور یوٹیوب لوگوں کا وقت گزارنے کا بہترین مشغلہ بن گیا۔ پاکستانیوں نے لاک ڈاؤن کے دوران جہاں ترک تاریخی ڈراما ارطغرل غازی دیکھا، وہیں یوٹیوب پر موجود ان یوٹیوبرز کو بھی بڑی تعداد میں دیکھا اور صرف عام لوگوں نے ہی نہیں بلکہ فارغ بیٹھے پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور پروڈکشن ہاؤسز کی نظر بھی ان مشہور یوٹیوبرز (ولاگرز) پر پڑی، جس کے بعد برسوں سے یوٹیوب پر ویڈیوز بنانے والے تقریباً تمام مشہور پاکستانی یوٹیوبرز آج اداکاری کے میدان میں شوبز اداکاروں کو ٹکر دے رہے ہیں۔

ان یوٹیوبرز میں ارسلان نصیر، دانش علی، شاہ ویر جعفری وغیرہ شامل ہیں۔ جن کے نام سے آج سے چار پانچ سال پہلے تک شاید زیادہ لوگ واقف نہ ہوں (یوٹیوب دیکھنے والے صارفین کے علاوہ) لیکن آج پورا پاکستان انہیں جانتا ہے۔

ارسلان نصیر

اگر بات کی جائے یوٹیوبر (ولاگر) ارسلان نصیر کی تو اداکاری کرنے سے قبل ارسلان یوٹیوب کی دنیا کا ایک جانا پہچانا نام تھے اور آج بھی ہیں۔ ارسلان نصیر نے 2011 میں یوٹیوب پر اکاؤنٹ بنایا تھا اور وہ ایک دو سال سے نہیں بلکہ گزشتہ 9 سال سے یوٹیوب پر موجود ہیں۔ یوٹیوب پر ان کے 1.21 ملین (تقریباً 12 لاکھ) سبسکرائبرز ہیں۔ ارسلان نصیر کی ویڈیوز زیادہ تر طنزو مزاح پر مشتمل ہوتی ہیں اور وہ کرکٹ، شوبز اور سوشل میڈیا پر وائرل مواد پر اپنے مخصوص اسٹائل میں ویڈیوز بناتے ہیں۔ ارسلان کی ویڈیوز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور لاکھوں کی تعداد میں ان کے ویوز آتے ہیں۔

لہذا یہ کیسے ہوسکتا تھا کہ یوٹیوب کی دنیا کے اس مشہور کانٹینٹ کری ایٹر پر پاکستانی پروڈیوسرز کی نظر نہ پڑی ہو۔ ارسلان نصیر نے گزشتہ رمضان میں ڈراما سیریل ’’چپکے چپکے‘‘ سے اداکاری میں ڈیبیو کیا اور اپنے پہلے ہی ڈرامے سے منجھے ہوئے اداکاروں کی فہرست میں جا کھڑے ہوئے۔ رواں سال رمضان میں ارسلان نصیر ڈراما سیریل ’’پرستان‘‘ میں نظر آئے جس میں ان کی اداکاری کو  پسند کیا گیا۔

دانش علی

ارسلان نصیر کا تجربہ کامیاب ہونے کے بعد پروڈکشن ہاؤسز نے مزید یوٹیوبرز کو ڈراموں میں لینے کا فیصلہ کیا اور اس طرح پاکستان کے ایک اور مشہور یوٹیوبر (ولاگر) دانش علی رواں سال رمضان میں نشر ہونے والے ڈرامے ’’ہم تم‘‘ میں نظر آئے۔

گوکہ ان کا کردار ڈرامے میں چھوٹا سا تھا اور انہیں ارسلان نصیر جیسی پذیرائی بھی نہیں ملی، لیکن ایک یوٹیوبر کےلیے یہ ایک اچھی شروعات ہے۔

دانش علی کے بارے میں آپ کو بتاتی چلوں کہ انہوں نے 2011 میں یوٹیوب جوائن کی تھی۔ اس وقت ان کے یوٹیوب پر 5 لاکھ 72 ہزار سبسکرائبرز ہیں۔ دانش علی کے ولاگز بہت مقبول ہیں حالانکہ ان کے سبسکرائبرز کم ہیں لیکن ان کی ویڈیوز پر لاکھوں کی تعداد میں ویوز آتے ہیں۔

تیمور صلاح الدین عرف مورو

تیمور صلاح الدین عرف مورو بھی یوٹیوب کی دنیا کا جانا پہچانا نام ہیں۔ انہوں نے 2006 میں یوٹیوب جوائن کی تھی، ان کے یوٹیوب پر 1.7 ملین (17 لاکھ) سبسکرائبرز ہیں۔ مورو کی ویڈیوز پر بھی لاکھوں میں ویوز آتے ہیں۔

لہٰذا جہاں پروڈکشن ہاؤسز نے ارسلان نصیر اور دانش علی کو ڈراموں میں موقع دیا وہیں مورو کی فین فالوونگ اور ویور شپ سے بھی فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا اور یوں مورو کو رواں سال رمضان میں نشر ہونے والے ڈرامے ’’پرستان‘‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔

شاہ ویر جعفری

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر شاہ ویر جعفری بھی مقبول ترین یوٹیوبر ہیں۔ ان کے یوٹیوب پر سبسکرائبرز کی تعداد 3.2 ملین (32 لاکھ سے زائد ہے)۔ شاہ ویر جعفری نے 2016 میں یوٹیوب جوائن کی تھی اور ان کا کانٹینٹ بھی لوگ بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔ ان کی ویڈیوز پر ملینز میں ویوز آتے ہیں۔ شاہ ویر جعفری کسی ڈرامے سے نہیں بلکہ ماہرہ خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ سے اداکاری میں ڈیبیو کررہے ہیں۔

رضا سمو

یوٹیوبر رضا سمو کے چینل کا نام ابتدا میں’’کھجلی فیملی‘‘ تھا جس کا نام اب ’’اوسمو فیملی‘‘ ہے۔ رضا سمو کے یوٹیوب پر 1.49 ملین(14 لاکھ) سبسکرائبرز ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا ایک اور چینل ’’رضا سمو‘‘ کے نام سے بھی ہے، جس کے ساڑھے 6 لاکھ سبسکرائبرز ہیں۔

حالانکہ رضا سمو کا کانٹینٹ (مواد) فیملی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنے والا نہیں ہوتا، وہ اپنی ویڈیوز میں نازیبا جملے بکثرت استعمال کرتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

رضا سمو کسی ڈرامے میں تو نہیں بلکہ ہدایت کار بابر علی کی فلم ’’جون‘‘ سے اداکاری میں ڈیبیو کررہے ہیں۔ فلم کے ٹیزر میں رضا سمو کی محض ایک جھلک ہی دکھائی دی ہے جس سے فلم میں ان کے کردار کا اندازہ نہیں ہورہا لیکن بہرحال ایک یوٹیوبر کےلیے کسی فلم میں اداکاری کرنا بڑی بات ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

زنیرہ ضیاء

زنیرہ ضیاء

بلاگر شوبز تجزیہ نگار ہیں۔ ان سے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ ٹوئٹر ہینڈل @ZunairaGhori اور انسٹاگرام آئی ڈی zunairazia_official پر بھی انہیں فالو کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔