لاہور میں نالے سے سابق اسسٹنٹ پروفیسر کی لاش برآمد

ویب ڈیسک  منگل 10 مئ 2022
سابق اسسٹنٹ پروفیسر آج کل پراپرٹی کا کام کر رہے تھے، پولیس فوٹوفائل

سابق اسسٹنٹ پروفیسر آج کل پراپرٹی کا کام کر رہے تھے، پولیس فوٹوفائل

لاہور: نشتر کالونی روہی نالے سے سابق اسسٹنٹ پروفیسر کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور میں نشتر کالونی روہی نالے سے گزشتہ روز ملنے والی لاش کی شناخت ہو گئی۔ لاش کی شناخت سابق اسسٹنٹ پروفیسر سلمان شوکت کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس  کا کہنا ہے کہ سابق اسسٹنٹ پروفیسر آج کل پراپرٹی کا کام کر رہے تھے، مقتول سلمان شوکت کو نامعلوم افراد نے تشدد کرکے قتل کیا، سلمان شوکت کو تشدد کے بعد قتل کر کے لاش اور گاڑی روہی نالے میں پھینک دی گئی۔

قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ نشتر کالونی میں درج کرلیا گیا ہے۔

مدعی عثمان شوکت کے مطابق پولیس کو روہی نالے کے کنارے سے ایک لاش ملنے کی اطلاع موصول ہوئی، موقع پر پہنچے تو لاش میرے بھائی سلمان کی تھی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بھائی کے سر پر تشدد کے نشانات اور ناک سے خون نکل رہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔