لاہور میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 10 مئ 2022
لاشیں مردہ خانے جبکہ زخمی اسپتال منتقل (فوٹو، فائل)

لاشیں مردہ خانے جبکہ زخمی اسپتال منتقل (فوٹو، فائل)

 لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ ہوئی جس میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں واقع موچی دروازے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں موقع پر ہی ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ اسپتال پہنچنے کے بعد دوسرا زخمی بھی چل بسا۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر جاں بحق افراد کو مردہ خانے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

آپریشن ونگ کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت قاسم اور تنویر کے ناموں سے ہوئی، دونوں میو اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ لین دین کے تنازع پر کار میں سوار ملزمان نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے، زخمیوں سے ایک پستول، میگزین اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں ہیں۔

آپریشنز ونگ کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں جبکہ وقوعہ سے خول اور دیگر شواہد بھی اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے کا حکم دیا اور ملوث افراد کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ واقعہ کے محرکات اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔