گرمی سہی مزاج میں

امجد اسلام امجد  جمعرات 12 مئ 2022
Amjadislam@gmail.com

[email protected]

میں بہت کوشش کرتا ہوں کہ سیاست، سیاست دانوں اور سیاسی حوالوں سے ہٹ کر علم، تعلیم، فلسفے، تاریخی شعور، معاشرتی مسائل اور شعر و ادب تک اپنی بات کو محدود رکھوں مگر بدقسمتی سے سیاست کا اُڑایا ہوا غبار کچھ ایسا ہے کہ اس سے باہر کی طرف کی ہر کھڑکی متاثر ہورہی ہے اور نہ چاہتے ہوئے بھی آپ کو اس کے درمیان میں سے ہی باقی چیزوں کو دیکھنا پڑتا ہے۔

ہماری اسمبلیاں ہوں، الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا یا سیاستدانوں کے بیانات کوئی جگہ ایسی نہیں بچی جہاں اب لوگ شرافت، تحمل اور تمیز سے بات کرتے ہوں۔ گالی گلوچ، تضحیک، ناموں کو بگاڑ کر لینا اور مخالفین کے لیے گھٹیا اور ہتک آمیز زبان کا استعمال ایک معمول کی بات بن چکا ہے اور اس حمام میں سب ننگے ہیں، رہی یہ بحث کہ پہل کس نے کی اور ردعمل کا اظہار کس کی مجبوری اور ضرورت تھی اسے اب ایک تماشا بنا دیا گیا ہے۔

کچھ عرصہ قبل تک خواتین اس کھیل سے عموماً دُور اور فاصلے پر رہتی تھیں مگر اب اُن کی زبانیں مردوں سے بھی زیادہ تیز اور کاٹ دار ہوچکی ہیں اور بقول انور مسعود مائیک اور کیمرہ دیکھتے ہی ان کی آنکھوں میں خون اُتر آتا ہے۔

سیاسی جماعتوں کے باقاعدہ ترجمانوں کی حد تک تو یہ بات سمجھ میں آتی تھی کہ انھیں بھیجا ہی صرف مخالفین پر الزام تراشی اور بگاڑ کے لیے جاتا ہے اور چونکہ اُن کے پاس عام طور پر اینکر کے سوال کا جواب نہیں ہوتا یا وہ بوجوہ اُسے دینا نہیں چاہتے تو وہ فوراً پینترا بدل کر اُن الزامات کی گردان شروع کر دیتے ہیں جن کا موجودہ مسئلے سے دور کا تعلق بھی نہیں ہوتا اور اگر کبھی اُن کے لیے ندامت کو سنبھالنا مشکل ہوجائے تو وہ ایسی دشنام طرازی پر اُتر آتے ہیں کہ گلی محلے میں لڑنے والے جاہل اور اَن پڑھ بھی کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

سیاسی جلسوں میں مخالفین پر تنقید دنیا بھر میں ہوتی ہے اسی طرح ایک دوسرے کے خلاف بیانات جاری کرنا بھی اس بے فیض کھیل کا حصہ ہیں مگر جس طرح غلط بیانی کی بنیاد پر ہمارے یہاں لوگوں کو تشدد اور دشمنی پر اُبھارا جا رہا ہے اور اس ضمن میں جس طرح کی زبان اختیار کی جارہی ہے وہ کسی دو دھاری تلوار سے کم نہیں کہ اس کے فروغ کا عملی نتیجہ ایک ایسی فضا ہے جس میں ہر چیز گھوم کر خود کہنے والوں کی طرف واپس آئے گی اور پھر کسی کی عزت بھی محفوظ نہیں رہ سکے گی۔

اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ سوشل میڈیا ہو یا جلسے کے شرکا جو باتیں بطور الزام کسی مخالف کے بارے میں کی جاتی ہیں بالکل وہی کہنے والوں پر بھی صادق آتی ہیں، سو جو گالی ایک طرف کے لوگ پھیلاتے ہیں وہی دوسری طرف سے واپس کردی جاتی ہے اور اس کردار کشی کی رَو میں بہت سی ایسی باتیں مفروضوں سے حقائق کی شکل اختیار کرلیتی ہیں اور پھر ایک ایسا طوفانِ بد تمیزی شروع ہوتا ہے۔

جس میں کسی کی دستار بھی سلامت نہیں رہتی اور اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ نوجوان اور ناتجربہ کار مگر جذباتی نسل اُس تہذیب سے ناآشنا ہوتی چلی جاتی ہے جس میں چھوٹے بڑے کی تمیز اور گفتگو کے آداب اُن کو معاشرے کی طرف سے ملا کرتے تھے یا درکنے والی بات یہ بھی ہے کہ جب آپ اپنے کسی حامی کو مخالفین کی توہین پر اُکساتے ہیں تو یہ بد تہذیبی اُن کی شخصیت کا حصہ بن جاتی ہے اور کسی بھی معمولی سے اختلاف پر خود اُکسانے والے اس کا شکار بن جاتے ہیں اس سے قطع نظر کہ یہ سلسلہ کب شروع ہوا اور اس میں شامل لوگ اس ضمن میں اپنے اپنے طرزِ عمل کی کیا وضاحت دیتے ہیں۔

امرِ واقعہ یہی ہے کہ اس فضا کو پیدا کرنے میں سب کے سب برابر کے حصے دار ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ معاشرے کی طرف سے کوئی ضابطہ اخلاق طے کیا جائے اور پھر پریس میڈیا بلکہ سوشل میڈیا سے بھی اس کی مکمل پابندی کرائی جائے کہ ہر طرح کے توہین آمیز اور فساد پرور خطاب کا عملی طور پر بائیکاٹ کیا جائے کہ یہ اسٹیجوں پر کیے جانے والے دھماکے کسی بھی وقت عوام کی سطح پر بارودی دھماکوں کی شکل اختیار کرسکتے ہیں۔ سیاسی لیڈرز ایک دوسرے پر کیچڑ اُچھالنے کے بجائے اپنے منشور، اصلاحات اور تعمیری پروگرام کی بات کریں۔

ریاست کے معاملات کو حکومت کی ترجیحات اور مسائل سے الگ رکھ کر حل کریں اور قومی مسائل مثلاً معیشت، آزادی، ترقی، غربت، جہالت اور خارجی تعلقات کی نفی سے دُور رکھ کر مل جل کر حل کریں۔ اب اگر ہمارا سارا وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے ا ور بے عزت کرنے میں صرف ہوگا تو یہ اتفاق کیسے صورت پذیر ہوگا؟

اس ضمن میں جو چند اچھی باتیں میں نے بزرگوں سے سُنی اورپڑھی ہیں انھیں اس اُمید پر دہرائے دیتا ہوں کہ ان کی رُوح کو سمجھنے کے بعد کوئی ذی ہوش آدمی وہ زبان استعمال نہیں کرسکتا جو ہماری نوجوان نسل کو مسلسل گمراہ کر رہی ہے ۔

’’علم و آگہی‘‘ طے کرتے ہیں کہ محفل میں کیا کہنا ہے ۔ ’’مہارت‘‘ طے کرتی ہے کہ کیسے کہنا ہے، ’’طرزِ عمل‘‘ طے کرتا ہے کہ کس قدر کہنا ہے اور ’’دانش مندی‘‘ طے کرتی ہے کہ کہنا بھی ہے یا نہیں۔ اگر دل میں کھوٹ ہو تو دُعا، عطا اور محبت و خلوص راستہ بدل لیتے ہیں۔ کچھ لوگ قسمت کی طرح ہوتے ہیں جو دعاؤں سے ملتے ہیں اور کچھ لوگ دعا کی مانند ہوتے ہیں جو انسان کی قسمت ہی بدل دیتے ہیں۔

’’بے بس انسان کا سجدہ ہی اس کی بے بسی کا علاج ہے، نصیحت کرنے والا اگر مخلص نہ ہو تو نصیحت بھی ایک پیشہ ہے۔ لوگ دوست کو چھوڑ دیتے ہیں مگر بحث کو نہیں چھوڑتے، دُور سے نظر آنے والے مناظر قریب سے ویسے دکھائی نہیں دیتے۔‘‘

’’دعا کے مقام پر دعا دینا اپنی جگہ مگر بددعا کے مقام پر دعا دے جانا بڑی فقیری ہے، اگر آپ کو سجدے کی توفیق مل رہی ہے تو دنیا میں آپ سے زیادہ خوش قسمت اور امیر شخص اور کوئی نہیں۔ کچھ دروازے اللہ تبارک و تعالیٰ ہماری حفاظت کے لیے بند کرتا ہے کیونکہ وہ راستے ہمارے لیے بہتر نہیں ہوتے۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔