کام کا بوجھ شاہین کی پرواز پر اثر انداز ہونے لگا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 13 مئ 2022
 آئندہ ہفتے اسکواڈ کا اعلان ہونے پر کھلاڑی رخت سفر باندھیں گے
 ۔ فوٹو : فائل

آئندہ ہفتے اسکواڈ کا اعلان ہونے پر کھلاڑی رخت سفر باندھیں گے ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: کام کا بوجھ شاہین شاہ آفریدی  کی پرواز پر اثرانداز ہونے لگا،انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس نے پیسر پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلیے آرام کی غرض سے وطن واپس بھجوانے کی درخواست قبول کرلی،دیگر پاکستانی کرکٹرز کو ویسٹ انڈیز سے ہوم ون ڈے سیریز کیلیے منتخب ہونے پر ہی انگلینڈ سے طلب جائے گا۔

آئندہ ہفتے اسکواڈ کا اعلان ہونے پر کھلاڑی انگلینڈ سے رخت سفر باندھیں گے،تربیتی کیمپ بھی مختصر ہوگا، جولائی میں دورئہ سری لنکا کی حتمی تاریخیں سامنے آنے پر پلیئرز کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلیے دستیابی کا فیصلہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7اور آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے بعد کپتان بابر اعظم سمیت کئی قومی کرکٹرز آرام کررہے ہیں۔

البتہ دیگر انگلش کاؤنٹی سیزن میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کیلیے سرگرم ہیں، ان میں محمد رضوان،شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف،نسیم شاہ، محمد عباس اور محمد عامر شامل ہیں، حارث اور نسیم شاہ انجریز کا شکار ہوئے مگر اب صحتیاب ہو چکے ہیں، یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف سائیڈ انجری کی زد میں آئے تھے۔

گلوسٹر شائر کے اسکواڈ میں شامل نسیم شاہ کندھے میں تکلیف سے نجات پانے کے لیے کوشاں رہے،ہیمسٹرنگ کی وجہ سے گلوسٹر شائر چھٹے راؤنڈ میں محمد عامر کی خدمات سے محروم ہے، محمد رضوان فیملی وجوہات کی بنا پر اس راؤنڈ میں سسیکس کو دستیاب نہیں، لنکا شائر کے پیسر حسن علی کو بھی ریسٹ دیا گیا ہے، مڈل سیکس کی نمائندگی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو آرام کی غرض سے پاکستان واپس بھجوایا جارہا ہے۔

ان کی کاؤنٹی نے اعلامیے میں بتایا کہ پاکستانی پیسر کی جون کے اوائل تک دستیابی ممکن تھی ، ان سے بات چیت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ویسٹ انڈیز سے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے قبل آرام کی غرض سے ریلیز کرنا بہتر ہوگا، یوں ان کو اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع مل جائے گا،وہ مصروفیات سے فارغ ہونے پر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے آخری مراحل میں کاؤنٹی کو دوبارہ جوائن کرسکیں گے۔

مڈل سیکس کے ہیڈ آف پرفارمنس کرکٹ ایلن کولمین نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں،انھوں نے اپنی بے پناہ مصروفیات سے کاؤنٹی کرکٹ کیلیے وقت نکالا،ہم نے حالات کے مطابق ان کی گھر واپس جانے اور ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز سے قبل تازہ دم ہونے کی درخواست کو سمجھتے ہوئے خوشدلی سے اجازت دے دی۔

دریں اثنا کیریبیئنز سے میچز کی تیاری کیلیے دیگر کرکٹرز کو بھی واپس بلائے جانے کے سوال پر ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کے کنٹریکٹ کاؤنٹی سیزن کیلیے ہیں، ویسٹ انڈیز سے سیریز کی تیاری کیلیے فی الحال ان کو بلانے کی ضرورت نہیں، پہلے ہوم سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان ہوگا جس میں جگہ بنانے والوں کو قومی ذمہ داریوں کیلیے طلب کرلیا جائے گا، اسی طرح دورئہ سری لنکا کیلیے منتخب ہونے والے کرکٹرز فراغت کی صورت میں ہی انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کا حصہ بن سکیں گے۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 5جون کو پاکستان آمد کے بعد 3ون ڈے میچز 8، 10اور 12جون کو کھیلے گی،مقابلے راولپنڈی میں شیڈول ہیں لیکن اگر سیاسی حالات خراب ہوئے تو انھیں کسی دوسرے شہر بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔

اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے،جولائی میں دورئہ سری لنکا سے ون ڈے میچز ڈراپ کردیے گئے ہیں،میزبان ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال بھی ابتر ہوتی جارہی ہے،اگر شیڈول طے پاگیا تو اندازہ ہوسکے گا کہ قومی ٹیم کیلیے منتخب کرکٹرز کس مرحلے پر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کا حصہ بن سکیں گے،ایونٹ کے میچز 25مئی سے 16جولائی تک ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔