فرح گوگی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں پیشرفت

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مئ 2022
فرح خان اور شوہر احسن جمیل گجر کیخلاف مختلف اداروں سے جواب موصول

فرح خان اور شوہر احسن جمیل گجر کیخلاف مختلف اداروں سے جواب موصول

 لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی سہیلی فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوگئی۔

نیب لاہور نے فرح خان اور شوہر احسن جمیل گجر کیخلاف انکوائری کے لیے مختلف اداروں کو 100 سے زائد لیٹر ارسال کئے تھے جس پر جواب موصول ہونا شروع ہوگئے۔

ایس ای سی پی نے فرح خان اور احسن جمیل کی مبینہ کمپنیوں کا ریکارڈ جمع کروا دیا جب کہ ایف بی آر نے ٹیکس ریکارڈ اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ جمع کروا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے مختلف محکموں سے فرح خان کی جائیداد کی تفصیلات مانگ لیں

ذرائع کے مطابق مشتبہ بینک اکاؤنٹس کی معلومات کیلئے مختلف حکومتی و پرائیویٹ بینکوں سے ریکارڈ موصول ہو رہا ہے، جن اداروں سے ریکارڈ موصول نہیں ہوگا نیب کی جانب سے ان کو دوبارہ خطوط لکھے جائیں گے۔ نیب لاہور کے مطابق فرح خان اور ان کے شوہر کیخلاف اکاؤنٹبیلٹی لاء کی سیکشن 19 کے تحت معلومات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

فرح کے قانونی مشیر اسد رسول کا کہنا ہے کہ 30 جون 2018 کو فرح خان کے اثاثے 70 کروڑ 16 لاکھ 52 ہزار تھے، 30 جون 2021 تک اثاثوں کی مالیت 75 کروڑ 23 لاکھ 70 ہزار ہوگئی، تحریک انصاف کی حکومت میں صرف 5 کروڑ 7 لاکھ 18 کا اضافہ ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔