کراچی میں میٹرک کے امتحانات منگل سے شروع ہوں گے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 مئ 2022
پونے 3 لاکھ 65 ہزار طلبہ شریک ہوں گے فوٹو؛ فائل

پونے 3 لاکھ 65 ہزار طلبہ شریک ہوں گے فوٹو؛ فائل

کراچی میں میٹرک (نویں اور دسویں) کے سالانہ امتحانات منگل 17 مئی سے شروع ہورہے ہیں جن میں پونے 3 لاکھ 65 ہزار طلبہ شریک ہورہے ہیں۔

ہر سینٹر میں ویجیلنس آفیسر بھجوایا جارہا ہے۔ یہ آفیسر روٹیشن کی بنیادوں پر امتحانی مراکز میں بھجوائے جارہے ہیں ۔ کل امتحانی مراکز 448 ہیں جس میں 253 لڑکے اور 153 طالبات کے ہیں جبکہ 185 سرکاری اور 263 نجی اسکولوں میں سینٹر بنائے گئے ہیں۔

یہ بات چیئرمین بورڈ شرف علی شاہ نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری بورڈ محمد شائق اور ناظم امتحانات عمران بٹ بھی موجود تھے۔

چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار کمپیوٹرائزڈ ایڈمٹ کارڈ جاری کیے گئے ہیں ۔ ان طلبہ کی مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ پر بھی اب تصویر لگی ہوگی جبکہ نویں جماعت کے طلبہ کے ایڈمٹ کارڈ پر رول نمبر کےساتھ ان کا انرولمنٹ کارڈ بھی پہلی بار درج کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز پر امن و امان کے قیام اور نقل کی روک تھام کے لیے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو خطوط لکھے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی سے ان امتحانات میں تعاون مانگا گیا ہے جبکہ سیکریٹری اسکولز اور ڈائریکٹر اسکولز سے بھی کہا ہے کہ امتحانات کے بہتر انعقاد میں ہماری مدد کریں۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ جیل سے 29 قیدی میٹرک کے امتحانات میں شریک ہورہے ہیں جن کا مرکز جیل ہی میں بنایا گیا ہے جبکہ ہر اس نجی اسکول کو سینٹر بنایا گیا ہے جو حکومت سندھ کے پاس رجسٹر ہے۔ کسی غیر رجسٹرڈ اسکول کو سینٹر نہیں بنایا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔