ایشیا کپ: بوم بوم آفریدی نے بھارت کا جنازہ نکال دیا

ویب ڈیسک  اتوار 2 مارچ 2014
بوبوم آفریدی 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

بوبوم آفریدی 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

میرپور: ایشیا کپ کے اہم میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ایشیا کپ سے باہر کردیا۔

بنگلہ دیش کے شیربنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بوبوم آفریدی نے آخری اوور میں 2 چھکے لگا کر گرین شرٹس کو فتح دلا دی، پاکستان نے 246 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر شاہد آفریدی کے شاندار چھکے کی بدولت حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں ایک موقعے پر 245 رنز کا ہدف بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا تاہم محمد حفیظ اور صہیب مقصود نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 83 رنز بنا کر پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 75، احمد شہزاد 42 اور صہیب مقصود 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بوبوم آفریدی 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ بھارت کی جانب سے روی چندرن اشون نے 44 رنز دے کر 3 جب کہ بونیشورکمار اور امیت مشرا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر روایتی حریف بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت تو بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز اسکور کئے، بھارت کی پہلی وکٹ 18 کے رنز پر گری جب شیکر دھون محمد حفیظ کی گیند پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 56 رنز پر گری جب ویرات کوہلی 5 رنز بنا کر عمرگل کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ روہت شرما 56 رنز بنا کر محمد طلحہ کا شکار بنے، اجنکیا رہانے محمد طلحہ کا دوسرا شکار بنے انہوں نے 23 رنز بنائے، دنیش کارتھک 23 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 214 کے مجموعی اسکور پر امباتی ریادو 58 رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار بنے۔ رویندرا جڈیجا 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 40 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد حفیظ اور محمد طلحہ نے 2،2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔