حلیم عادل شیخ کیخلاف انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 مئ 2022
(فوٹو: اے پی پی)

(فوٹو: اے پی پی)

 کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گلشن معمار تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں مقدمہ 244/22، 324/186/109 ، 506/بی، 7 اے ٹی اے کی دفعات کے تحت سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ان پر تیسر ٹاؤن میں 400 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے کا الزام ہے، حلیم عادل شیخ کی ایما پر غیرقانونی طور پر سرکاری اراضی پر تعمیرات کی جارہی تھی اور جب پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں شہزادہ فہیم لغاری نامی شخص نے فون پر پولیس حکام سے بات کروائی تو دوسری جانب فون پر پی ٹی آئی لیڈر تھے جنہوں نے انتہائی بدتمیزی اور غیر اخلاقی طور پر بات کی جبکہ وہاں موجود افراد نے فائرنگ بھی کردی۔

پولیس نے موقع سے ایک شخص کو گرفتار کرکے اس سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا جبکہ ملزم فہیم کے خلاف بھی سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: جان کو خطرہ ہے اس لیے ویڈیو ریکارڈ کرادی جس میں سب کے نام ہیں، عمران خان

دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے گرفتاری کے خدشہ کے پیش نظر ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت پہنچے، جہاں انکی ضمانت منظور کرلی گئی۔

عدالت نے پولیس کو حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے سے روک دیا عدالت کا ملزمان کو 50 ، 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ عدالت نے پراسیکیوٹر اور پولیس سے 21 مئی کو جواب طلب کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔