روڈ ٹو مکہ منصوبہ؛ سعودی امیگریشن کے وفد کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 15 مئ 2022
سعودی امیگریشن کے وفد کا لاہور کے بعد اسلام آباد انڑنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ (فوٹو : فائل)

سعودی امیگریشن کے وفد کا لاہور کے بعد اسلام آباد انڑنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ (فوٹو : فائل)

راولپنڈی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کے لیے روڈ ٹو مکہ منصوبے پر عمل درآمد شروع ہوگیا، سعودی امیگریشن کے وفد نے لاہور کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ  کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبے کے سلسلے میں انتطامات کا جائزہ لینے کی غرض سے سعودی امیگریشن کا وفد لاہور کے دورے کے بعد اسلام آباد پہنچا جہاں ائیرپورٹ مینجر عدنان خان نے انہیں بریفنگ دی۔

ائیرپورٹ مینجر عدنان خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پرروڈ ٹو مکہ منصوبے کے لیے سعودی امیگریشن عملے کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

سعودی وفد کو بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر عازمین حج کی امیگریشن اور پری کلیئرنس کے لیے قائم خصوصی کاؤنٹر پر سسٹم نصب ہوں گے، اسلام آبا دسے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے عازمین کی امیگریشن سعودی عملے کی معاونت سے مکمل ہوگا۔

روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے اور روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت سسٹم کو سعودی عرب سے منسلک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت 2019ء میں اسلام آباد سے عازمین حج نے استفادہ کیا تھا۔ کوویڈ کی وجہ سے 2 سال تک حج آپریشن نہیں ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔