عمران کے پرستار کو دستخط شدہ قمیض کی فروخت کیلیے 6 کروڑ روپے کی پیشکش

ویب ڈیسک  اتوار 15 مئ 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

لکی مروت: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نو عمر مداح ابوبکر نے بتایا ہے کہ انہیں دستخط شدہ قمیض کے عوض بھاری رقم کی پیش کش ہوئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں لکی مروت سے تعلق رکھنے والے ابوبکر نے بتایا کہ انہیں عمران خان کے دستخط شدہ والی قمیض کی ایک کروڑ کی بولی لگی اور پھر 6 کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے نوعمر پرستار کی بنی گالہ میں ملاقات کروا دی گئی

ابوبکر نے کہا کہ زمین کی 7 تہوں سے نکلنے والے دنیا کے قیمتی ہیرے جوہرات بھی میرے سامنے رکھ دیں میں پھر بھی اس شرٹ کو فروخت نہیں کروں گا تاہم اگر کبھی بولی کا ارادہ ہوا اور اس کو فروخت کیا تو حاصل ہونے والی رقم شوکت خانم اسپتال میں عطیہ کروں گا۔

واضح رہے کہ نوعمر پرستار ابوبکر عمران خان سے ملاقات کے لیے ایبٹ آباد جلسے میں آیا تھا، تاہم اس کی ملاقات نہیں ہوسکی تھی جس پر وہ زار وقطار رویا اور اس کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

بعد ازاں مقامی قیادت اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے ابوبکر کی عمران خان سے 12 مئی کو بنی گالہ میں ملاقات کروائی، اس موقع پر ابوبکر نے عمران خان کو انگوٹھی تحفے میں دی، اور اپنی قمیض پر عمران خان کا آٹو گراف بھی لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔