شادی کے کھانے سے فوڈ پوائزنگ پر ہال مالک اور انتظامیہ پر مقدمہ درج

ویب ڈیسک  پير 16 مئ 2022
خواتین کے حالت اتنی خراب تھی کہ انہیں بے ہوشی کی حالت میں ریسکیو 1122 کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، مدعی مقدمہ۔ فوٹو:فائل

خواتین کے حالت اتنی خراب تھی کہ انہیں بے ہوشی کی حالت میں ریسکیو 1122 کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، مدعی مقدمہ۔ فوٹو:فائل

 راولپنڈی: تھانہ ائیر پورٹ کے علاقے گلزار قائد کے شادی ہال میں کھانا کھانے سے فوڈ پوائزنگ ہونے پر ہال کے مالک اور انتظامیہ پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے گلزار قائد میں واقع شادی ہال میں کھانا کھانے سے ولیمے میں شریک بیشتر افراد کو فوڈ پوائزنگ ہوگیا، جس پر دولہے محمد اسامہ کے بھائی محمد راشد کے بیان پر ہال کے مالک و انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مدعی مقدمہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ ولیمے کے مہمان میرج ہال پہنچے تو ہال انتظامیہ نے کھانا شروع کردیا، کھانا کھاتے ہی خواتین کی حالت غیر ہونا شروع ہوگئی، خواتین کے حالت اتنی خراب تھی کہ انہیں بے ہوشی کی حالت میں ریسکیو 1122 کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، میرج ہال کے مالک طاہر محمود اور ان کی انتظامیہ نے ہمیں زہر آلود کھانا دے کر مارنے کی کوشش کی، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے، جیسے ہی واضح ہوتا ہے کہ ہال اتنظامیہ نے غفلت برتی ہے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔