لاڑکانہ ؛ بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں دھماکے کی کوشش ناکام، 6 دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  پير 16 مئ 2022
گرفتار دہشت گردوں نے 15 اپریل کو بجلی کے پول دھماکا خیز مواد سے اڑانے کا اعتراف کیا ہے، پولیس۔ فوٹو:فائل

گرفتار دہشت گردوں نے 15 اپریل کو بجلی کے پول دھماکا خیز مواد سے اڑانے کا اعتراف کیا ہے، پولیس۔ فوٹو:فائل

لاڑکانہ: نصیرآباد روڈ پر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن اڑانے کی کوشش کرنے والے کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد گرفتار کر لئے۔

لاڑکانہ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ نصیرآباد روڈ پر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی ہائی ٹرانسمشن لائن کے پولز دھماکے سے اڑانے کی کوشش کرنے والے کالعدم تنظیم کے6 دہشت گرد گرفتار کرلئے، جن سے 2 ہینڈ گرنیڈ اور 4 پسٹلز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس حکام نے  بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سندھ ریولوشنری آرمی سے ہے، دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 15 اپریل کو تھانہ رشید وگن کی حدود بھائی خان گاؤں کے قریب دھماکا خیز مواد سے بجلی کے پول اڑائے، اور اب ہائی ٹرانسمیشن لائن اڑانے کی منصوبہ کررکھی تھی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنادی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں فراز احمد جلبانی، محمد حنیف جلبانی، فرحان جتوئی، زبیر جلبانی اور امتیاز جلبانی شامل ہیں، ملزمان اپنا تعلق ایس آر اے کے اصغر شاہ گروپ سے بتا رہے ہیں، گرفتار دہشت گردوں کا مجرمانہ رکارڈ چیک کرنے سمیت مزید تفتیش و ضابطے کی کاروائی جاری ہے، جب کہ بجلی کے پول گرانے والے دہشت گردی کیس کو حل کرنے اور بہترین کارکردگی پر ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز نے متعلقہ پولیس ٹیم کے لیے انعامات و اعزازات کے احکامات جاری کئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔