کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سے زائد ریکارڈ

اسٹاف رپورٹر  پير 16 مئ 2022
ہوا میں نمی کاتناسب 26 فیصد ریکارڈ ہوا (فوٹو، فائل)

ہوا میں نمی کاتناسب 26 فیصد ریکارڈ ہوا (فوٹو، فائل)

 کراچی: شہرقائد میں آج درجہ حرارت 41.7 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب غیرمعمولی گرمی محسوس نہیں کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطباق ایک روزہ متوازن درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کے بعد پیر(آج) کو کراچی کا پارہ پھر بڑھ گیا، دن بھر موسم گرم رہا جبکہ دوپہر کے وقت بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں بھی چلیں، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی کاتناسب 26 فیصد ریکارڈ ہونے کے سبب گرمی کی شدت غیرمعمولی طور پر محسوس نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ کل بھی شہر کا مطلع گرم تر رہنے کی توقع ہے، جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38سے40ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، 18 مئی سے دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو شدید ہونے کی توقع ہے۔

سندھ کے شہر دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، نواب شاہ، شکارپور، قمبرشہدادکوٹ اور گھوٹکی میں دن کے وقت پارہ 48سے50ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ اور تھرپاکر کے اضلاع میں درجہ حرارت 44سے46ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، ٹھٹھ اوربدین میں پارہ 40تا 42ڈگری ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔