کراچی دھماکے میں جاں بحق خاتون سپرد خاک

ویب ڈیسک  منگل 17 مئ 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)

(فوٹو: ٹوئٹر)

 کراچی: شہر قائد کے علاقے کھارادر بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کو آہوں سسکیوں کے ساتھ میوہ شاہ قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کھارادر کے علاقے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے عقب میں واقع بمبئی بازار میں گزشتہ شب موٹر سائیکل بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والی خاتون سنیہ گارڈن شو مارکیٹ کی رہائشی تھی، خاتون گھر میں دوپٹے کی تیاری اور کپڑوں کی سلائی کا کام کرتے تھی واقعے کے وقت وہ دوپٹوں کی سپلائی دینے گئی مارکیٹ آئی تھی۔

جاں بحق ہونے والی 30 سالہ ثنیہ 4 بچوں کی ماں تھی سب سے بڑی تقریباً 14 سال کی بیٹی ہے، مرحومہ کا شوہر علاقے میں میڈیکل اسٹور پر ملازمت کرتا ہے ، مرحومہ کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر شو مارکیٹ میں گھر کے قریب مسجد میں ادا کی گئی جبکہ میوہ شاہ قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

مرحومہ کی میت گھر پہنچنے پر اہل محلہ سمیت بچوں کے ماں بچھڑنے کے رقت آمیز منظر دیکھنے میں آئے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکا، خاتون جاں بحق اور 10 افراد زخمی

واضح رہے کہ بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکےمیں خاتون جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے، دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا اور دھماکے کی جگہ پر ساری کپڑے کی دکانیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔