بھارت کا افغانستان میں سفارت خانہ کھولنے کا عندیہ

ویب ڈیسک  منگل 17 مئ 2022
طالبان حکومت آنے پر بھارت نے اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا، فوٹو: فائل

طالبان حکومت آنے پر بھارت نے اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے پر غور کر رہا ہے جس کے لیے ایک خصوصی مشن بھی حالات کا جائزہ لینے کابل گیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے افغانستان میں طالبان حکومت کے ساتھ  سفارتی سرگرمیوں کی بحالی پر غور کرنا شروع کردیا ہے اور ابتدائی طور پر افغان اہلکار ہی سفارت خانے میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس حوالے سے معروف بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک ٹیم ورکنگ انوائرمنٹ، امن و امان کی صورت حال اور سفارت خانہ کے تحفظ سے متعلق زمینی حقائق کا جائزہ لینے کابل بھی گئی تھی۔

انڈین ایکسپریس نے یہ بھی دعویٰ بھی کیا کہ ابھی سینیئر سطح کے سفارت کاروں کو بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے البتہ ابھی صرف مقامی اہلکار سفارت خانے میں فرائض انجام دیں گے تاہم  ضرورت پڑنے پر قونصلر کی خدمات تک توسیع کی جا سکتی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے حکام نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ مقامی افغان اہلکاروں کے ساتھ سفارت خانہ کھولنے کا مطلب طالبان حکومت کو تسلیم کرنا ہرگز نہیں ہے۔ تاحال طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ برس اگست کے وسط میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔