وزیرخارجہ امریکا پہنچ گئے، امریکی ہم منصب سے 18 مئی کو ملاقات طے

ویب ڈیسک  منگل 17 مئ 2022
فوٹو ایکسپریس نیوز

فوٹو ایکسپریس نیوز

 اسلام آباد / نیویارک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اہم سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آج امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچے، وہ اپنے دورے میں امریکی ہم منصب سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ امریکا اہم ہے، دورے کے دوران اُن کی امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں ہوں گی جبکہ وہ خوراک کی کمی والے ممالک میں پاکستان کے شمار ہونے کی وجہ سے گلوبل فوڈ سیکیورٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔

حنا ربانی کھر نے بتایا کہ وزیر خارجہ اہم ملاقاتوں میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور امریکی حکام کو باور کروائیں گے کہ پاکستان کبھی بھی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتا اور ہر پلیٹ فارم کا مثبت استعمال کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے جبکہ اُن کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات 18 مئی کو ہوگی۔

حنا ربانی کھر نے بتایا کہ ہم پاکستان کے مفادات کا خیال رکھیں گے، بلاول بھٹو زرداری کی جرمن اور اطالوی وفود سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، دورۂ امریکا کے بعد بلاول بھٹو کا چین جانے کا بھی امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔