وسیم اکرم اور وقار یونس جیسا کامیاب بولر بننا چاہتا تھا، ڈیرن گف

اسپورٹس رپورٹر  منگل 17 مئ 2022
انگلینڈ ٹیم کے سابق کرکٹر لاہور قلندرز کی دعوت پر پاکستان پہنچے (فوٹو، فائل)

انگلینڈ ٹیم کے سابق کرکٹر لاہور قلندرز کی دعوت پر پاکستان پہنچے (فوٹو، فائل)

 لاہور: انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈیرن گف پاکستانی ’ٹو ڈبلیوز‘ وسیم اکرم اور وقار یونس کے شاندار بولنگ اسپیلز کو بھی اب بھی نہیں بھولے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور قلندرز کی دعوت پر آنے والے ڈیرن گف جو یارکشائر کاونٹی کے ایم ڈی بھی ہیں نے لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب وسیم اکرم اور وقار یونس نے پہلی بار انگلینڈ دورہ کیا تھا تو میری بھی خواہش تھی کہ ان جیسا کامیاب بولر بنوں۔

انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس مجھ سے زیادہ تیز بولنگ کراتے تھے، میں نے وسیم اکرم اور وقار یونس کی طرح سوئنگ اور یارکرز کی کوشش کی مگر ناکام رہا، موجودہ دور میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف  کی صورت میں پاکستان کے پاس بہترین ٹیلنٹ ہے، شاہین شاہ آفریدی شاندار کرکٹر ہے۔

سابق انگلش کا کہنا تھا کہ شاہین کو لاہور قلندرز نے جب قیادت کا موقع دیا تو اس نے بطور کپتان بھی خود کو منوایا، حارث رؤف کو ہم نے یارکشائر کاونٹی کا حصہ بنایا ہے۔ دورہ پاکستان کے حوالے سے ڈیرن گف نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ سن 2000میں ٹیم کے ساتھ جب یہاں آیا تھا تو ہم نے جب کراچی ٹیسٹ جیتا تو اس وقت اندھیرا ہوچکا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا قیام تب بھی اچھا رہا اور اب بھی شاندار رہا ہے، لاہور ایک خوبصورت اور بھرپور ثقافت والا شہر ہے، لوگ بہت مہمان نواز اور پیار کرنے والے ہیں، یہاں اب آکر پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام سے بھی اچھا آئیڈیا لیا ہے، نوجوان کا جوش و جذبہ دیکھ کر بہت اچھا لگا ہے، ہم بھی اگست میں اسی طرز سے ٹرائلز پروگرام سے ٹیلنٹ ہنٹ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔