اتحادی جماعتوں کا 2023 تک حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ

خالد محمود  منگل 17 مئ 2022
(فوٹو انٹرنیٹ)

(فوٹو انٹرنیٹ)

 اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آرٹیکل 63 اے سے متعلق فیصلے کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے اگست 2023 تک حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم کو تمام اقدامات پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: آرٹیکل 63 اے کی تشریح: منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ

اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے پر مشاورت کی گئی جبکہ تمام اتحادی جماعتوں نے اگست 2023 تک ساتھ دینے اور حکومت میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کے تمام فیصلوں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے کا مطلب ہے اسمبلیاں تحلیل اور حکومت ختم ہو گئی، فواد چوہدری

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے گی، آئندہ الیکشن کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد پنجاب میں پیدا ہونے والے ممکنہ سیاسی و آئینی بحران سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعظم کی اٹارنی جنرل سے ملاقات

بعد ازاں وزیر اعظم کی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کی گئی اور مستقبل میں ممکنہ آئینی و قانونی پہلوؤں کو استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔