پاکستانی معیشت کی بحالی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے، امریکا

ویب ڈیسک  بدھ 18 مئ 2022
وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکی ہم منصب سے نیویارک میں ملاقات کریں گے، فوٹو: فائل

وزیر خارجہ بلاول بھٹو امریکی ہم منصب سے نیویارک میں ملاقات کریں گے، فوٹو: فائل

 نیویارک: امریکا نے پاکستان کی نئی حکومت کو معیشت کی بحالی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔

ڈان ڈاٹ کام کے مطابق امریکا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی معیشت کی تعمیر نو کے لیے حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ڈان اخبار سے بات کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام کرتا رہے گا۔

ترجمان نے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اپنے امریکی ہم منصب سے سلسلہ وار ہونے والی ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے آئی ایم ایف کے ہونے والے مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب وزیر خارجہ بلاول بھٹو خصوصی دورے پر پاکستان سے نیویارک پہنچے ہیں۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ عالمی برادری کے سامنے مختلف مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے آیا ہوں۔

https://twitter.com/PakinNewYork/status/1526608788257652737?s=20&t=B3QhjsW44ezAeXE-edd0tA

اس دورے میں اقوام متحدہ کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اپنے امریکی ہم منصب سے بھی دو بدو ملاقات کریں گے اور دورے کے دوران حکومت کی معاشی پالیسی سے متعلق عالمی برادری سے بھی گفتگو کریں گے۔

ادھر واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 1 بلین ڈالر کی قسط کے اجراء کے معاہدے کے لیے دوحہ میں جائزہ مذاکرات کا آغاز آج سے ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز 

رواں ہفتے جاری رہنے والے اس جائزے میں پاکستان کے پاس آئی ایم ایف کو ڈالر کی قلت سے دوچار معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے 6 بلین ڈالر کے رکے ہوئے پیکج کو بحال کرنے پر راضی کرنے کا نادر موقع ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا خیال ہے کہ امریکا نے پاکستان کے لیے  حمایت کا دو ٹوک اظہار کرکے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت بخش دی ہے اور اس امریکی حمایت سے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحانات کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔