نواز الدین صدیقی کونسی ہالی ووڈ فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے ہیں

نواز الدین صدیقی نے گینگ آف واسع پور، منٹو اور بدلہ پور جیسی بلاک بسٹر فلموں میں بہترین اداکاری کی ہے


ویب ڈیسک May 19, 2022
نواز الدین صدیقی امریکی فلم میں مرکزی کردار ملنے پر خوش ہیں(فائل فوٹو)

ISLAMABAD: بالی ووڈ کے مشہور اداکار نواز الدین صدیقی کو امریکی فلم میں مرکزی کردار مل گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں اپنی بہترین اداکاری سےشہرت حاصل کرنے والےبالی ووڈاسٹار نواز الدین صدیقی کو امریکی فلم ''لکشمن لوپیز'' میں مرکزی کردار مل گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلم لکشمن لوپیز کرسمس تھیم پر مبنی ہے، جو رواں سال کے آخر میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی، فلم ہالی ووڈ کےمشہور رابرٹو گیرالٹ کی ہدایتکاری میں بنائی جائے گی۔

فلم کے ہدایت کار رابرٹو گیرالٹ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب میں پہلی بار میں نے اسکرپٹ پڑھا، تو لکشمن لوپیز کی تلاش شروع کردی، میرا دماغ اس دوران نواز الدین کی طرف چلا گیا، میں نے اُن کا کچھ کام دیکھ رکھا تھا، میں جانتا ہوں وہ اس کردار کے غیر معروف اور کمزور پہلو ضرور سامنے لائیں گے۔

ان دنوں کانز فلم فیسٹول میں شرکت کرنے والے نواز الدین صدیقی بھی امریکی فلم میں مرکزی کردار ملنے پر خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ زبردست چیلنج ہے، جس کی مجھ میں تڑپ تھی۔

بالی ووڈ اسٹار سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے فوری طور پر پروجیکٹ کےلیے ہاں کیوں کہی؟ تو انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی بتانے کے دوران وہ متعدد بار پرجوش ہوگئے۔



انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس سے متعلق فلم میں کام کرنے کا موقع بہت ہی مختلف ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ میری توجہ فوراً پر مبذول ہوگئی اور میں نے ہاں کردی۔

نواز الدین صدیقی نے یہ بھی کہا کہ رابرٹو گیرالٹ اپنی ہدایت کاری اور کیمرے کی طاقت سے کچھ نئے پہلوؤں کو روشناس کرانا چاہتے ہیں، ایک اداکار کے لیے یہ زبردست چیلنج ہے، جس کی اُس میں تڑپ ہوتی ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ لکشمن لوپیز کے نام نے بھی مجھ میں تجسس پیداکردیا ہے۔

دنیا بھر میں موجود اداکار کےمداح بھی اپنےاسٹار کوہالی ووڈفلم میں مرکزی کردار ملنے پر خوش ہیں اور بےصبری سے فلم کا انتظار کر رہے ہیں، مداحوں کو جیسے ہی یہ خبر ملی انہوں نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر تبصرے شروع کردیے۔

ایک مداح نے کہا کہ نواز ایک لاجواب اداکار ہے، جس نے حالیہ برس میں کئی زبردست کردار ادا کیے، مجھے امید ہے وہ چیزیں بدل دیں گے۔ ایک اور مداح نے کہا کہ میں نواز الدین کی منٹو یا سیکرڈ گیمز جیسی اداکاری دیکھنا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ نواز الدین صدیقی ان دنوں کانز فلم فیسٹیول میں موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں