ڈالر کی قدر ملکی تاریخ میں پہلی بار 201 روپے سے بھی تجاوز کرگئی

احتشام مفتی  منگل 24 مئ 2022
فوٹو، فائل

فوٹو، فائل

 کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ملکی تاریخ میں پہلی بار 201 روپے سے بھی تجاوز کرگئی جبکہ اوپن ریٹ 202 روپے کی بلند ترین سطح پر آگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دوحہ میں آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات سے متعلق کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہ آنے، قائم قام گورنر اسٹیٹ بینک کی آئی ایم ایف سے مذاکرات طویل اختیار کرنے اور پروگرام کی بحالی میں تاخیر کے بیان سے ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی روپیہ دباؤ کا شکار رہا جبکہ ڈالر اتارچڑھاؤ کے بعد اونچی پرواز کرتا رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانئیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 45 پیسے کی کمی سے 200.48روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن بعد دوپہر طلب بڑھنے کے سبب ڈالر کے انٹربینک ریٹ مزید 48پیسے کے اضافے سے 201.41روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 20 پیسے کے اضافے سے 202روپے کی بلند سطح پر بند ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں یہ افواہیں بھی زیرگردش ہیں کہ آئی ایم ایف حکام جنوری میں طے ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کرنے، بجلی پیٹرول پر سبسڈی ختم کرکے پیٹرول لیوی اور پاور ٹیرف میں اضافے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ روپیہ پر بڑھتے ہوئے دباؤ، ذرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے رحجان سے ڈیفالٹ رسک بڑھتا جارہا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فروخت کیے جانے والے پاکستان کے یورو اور سکوک بانڈز کا شرح منافع بھی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔ مئی اور جون میں 4.5 ارب ڈالر کے عالمی یوروبانڈز میچور ہونے کی وجہ سے پاکستان کو ادائیگیاں بھی کرنی ہیں۔ انہی عوامل کے سبب ڈالر کی اڑان جاری ہے، مئی اور جون کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی 3ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جو پاکستانی روپیہ کی ریکارڈ تنزلی کا سبب بن رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔