بینکوں اور اے ٹی ایم بوتھ سے نکلنے والوں کو لوٹنے میں ملوث ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 19 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کراچی: ایس آئی یو نے بینکوں اور اے ٹی ایم بوتھ سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے تین ملزمان گرفتار کرلیے جبکہ کھوکھراپار پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو عارف عزیز کے مطابق پیپلز چورنگی پر کارروائی کے دوران تین ملزمان کامران، بابل خان اور غلام عباس کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ ملزمان بینکوں اور اے ٹی ایم بوتھ سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

ایس ایس پی ایس آئی یوعارف عزیز کا کہنا تھا کہ ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں جبکہ ان سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں کھوکھراپار کے علاقے میں دو ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان دادن اور اویس اسٹریٹ کرائم کی بیشتر وارداتوں میں ملوث ہیں اور اس سے قبل بھی کئی وارداتیں کرچکے ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔