شہبازشریف مقتدر حلقوں سے ڈیڑھ سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہے ہیں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
نیشنل سکیورٹی کونسل میں معاشی فیصلے کرانے کی حکومتی سازش افواج کو نئے مسائل میں ڈال سکتی ہے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

نیشنل سکیورٹی کونسل میں معاشی فیصلے کرانے کی حکومتی سازش افواج کو نئے مسائل میں ڈال سکتی ہے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف ایک ووٹ کی اکثریت پر مقتدر حلقوں سے ڈیڑھ سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہے ہیں جو انہیں مل نہیں رہی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب تو بھتیجی بھی کہتی ہے چاچو حکومت چھوڑ دو، لیکن چاچو ایک ووٹ کی اکثریت پر مقتدر حلقوں سے ڈیڑھ سال کی گارنٹی کی بھیک مانگ رہا ہے جو مل نہیں رہی۔ کل سپریم کورٹ کے سوموٹو فیصلے نے بدنام زمانہ سیاستدانوں کے کیسوں کے خاتمے کا راستہ روک دیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل میں معاشی فیصلے کرانے کی حکومتی سازش افواج کو نئے مسائل میں ڈال سکتی ہے، معیشت کی خوفناک تباہی پر خاموشی قومی گناہ ہے، یہ صرف مہنگائی اور ڈالر 204 روپے کا ہونے کا مسئلہ نہیں ملک کی سیاسی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، قوم اور اداروں سے کہتا ہوں جاگتے رہنا ملک کو مل کر تباہی سے بچانا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری چوہدری شجاعت کو مبارکباد دینے نہیں بلکہ دونوں بھائیوں کو لڑانے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔