کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے پر پاکستان کا بھارت کو سخت جواب

ویب ڈیسک  جمعـء 20 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: بھارتی سفارت کار کی جانب سے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے پر پاکستان نے بھارتی حکومت کو سخت جواب دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی سفارت کار کی جانب سے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ قرار دینے پر اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی قونصلر عمران خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ اب اس پر ہندوستان کا کوئی حق ہے، جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں ایک متنازع خطہ ہے جس کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار اہل کشمیر کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار داد کو تسلیم کرچکا ہے اور اب اس پر عمل درآمد ہونا ہے، بھارتی مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی سات دہائیوں سے مسلسل خلاف ورزی ہے، ہندوستان جموں و کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کرکے وہاں کی مسلم آبادی کو ہندو آبادی کے مقابلے میں اقلیت بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

پاکستانی قونصلر نے کہا کہ ہندوستان کے پاکستان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات دراصل خود جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کو چھپانے کی ایک کوشش ہیں، تاریخ شاہد ہے کہ قابض قوتیں اپنے جبر کو درست ثابت کرنے کے لیے آزادی کی تحریکوں کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرتی رہی ہیں، یہ بات کہیں لکھ کر رکھ لیں کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرتا رہے گا اور  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کو مسئلہ کشمیر کے واحد حل کی صورت میں پاکستان آواز بلند کرتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔