پاکستانی ٹیم اچھی ہے لیکن اسے شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، چماری اتاپتو

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2022
سری لنکن کپتان چماری اتاپتو نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے(فائل فوٹو)

سری لنکن کپتان چماری اتاپتو نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے(فائل فوٹو)

 کراچی: پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ویمن  کرکٹ ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، سیریز میں دلچسپ اور بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں پریکٹس سیشن کے بعد ساؤتھ اینڈ کلب، ڈی ایچ اے میں منعقد کی گئی پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئےپاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ویمن  کرکٹ ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو   نے کہا ہے کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے ،میں ذاتی طور پر پہلی بار پاکستان  آئی ہوں یہاں  بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے  سری لنکا کی کپتان نے کہا کہ پاکستان کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا،ہماری ایک کھلاڑی کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث ٹیم کے ہمراہ پاکستان نہیں اسکی،سری لنکا کے حالات بہتر ہونے کے خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کا موسم گرم ہے،لیکن ہماری کھلاڑی سیریز کےلیے پرامید ہونے کے ساتھ  پرجوش اور پرعزم ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ ہے،سیریز میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،ہماری ٹیم میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جن پر ہمارا انحصارہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سری کنکا کی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں،ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستان سخت حریف ثابت ہوگا۔

دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری نکا کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات قائم ہیں ،ہمارے پاس سینیئرزاور جونیئرزکا اچھا کامبی نیشن ہے،یہ ایک اہم دورہ ہے، ہم کافی وقت سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور اور ون ڈے میچز نہیں کھیل رہے،۔

سری نکا کی موجودہ صورتحال پر اظہار ِ خیال کرنے سے انکار کرتے ہوئےچماری اتاپتو   نے کہا امید ہے کہ ہماری قوم بحران سے نکل آئے گی   اور آنے والے وقت میں  ہمارے ملک کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے، اس پر مزید بات نہیں کرسکتی۔

سیریز میں پاکستان پر برتری حاصل کرنے  کے لئے پُرعزم دکھائی دینے والی سری لنکن کپتان نے کہا  کہ پاکستان کی ٹیم اچھی ہے لیکن ہم اسے شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان  اور سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیمز کے درمیان  پہلا  ٹی ٹوئنٹی میچ 24، دوسرا 26 جبکہ تیسرا 28 مئی کو کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔